محکمہ مائنز اینڈ منرلز کی چوتھی وزارتی کمیٹی کا اہم اجلاس، راک سالٹ ویلیو ایڈیشن پر غور

معدنی وسائل کی ویلیو ایڈیشن سے جدید صنعتی دور کی بنیاد رکھی جا رہی ہے‘وزیر معدنیات شیر علی گورچانی

منگل 6 مئی 2025 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)محکمہ مائنز اینڈ منرلز پنجاب کی چوتھی وزارتی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وزیر معدنیات شیر علی گورچانی اور وزیر قانون صہیب احمد بھرت نے کی۔اجلاس میں راک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کو بڑھانے کے لیے ایک جامع بزنس پلان پر تفصیلی مشاورت کی گئی، جب کہ مائنرل پروسیسنگ زونز کی ترقی اور ویلیو ایڈیشن کے لیے ہونے والی پیش رفت کا مکمل جائزہ لیا گیا۔

ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے کے لیے نئی شرائط و ضوابط بھی زیر غور آئیں۔وزیر معدنیات شیر علی گورچانی نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے معدنی وسائل میں ویلیو ایڈیشن ممکن بنائی جا رہی ہے، جو صنعتی انقلاب کی بنیاد بنے گی۔ محکمہ معدنیات میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویڑن کے مطابق انقلابی اصلاحات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ معدنیات نے ای-آکشن سسٹم کے تحت شفاف اور تاریخی نیلامیوں کا عمل جاری رکھا ہے، جس کی ایک نمایاں مثال چکوال میں ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی تاریخی نیلامی ہے۔

وزیر قانون صہیب احمد بھرت نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا ترقیاتی ویژن ہر شعبے میں عملی طور پر نظر آ رہا ہے۔ محکمہ معدنیات کی قانون سازی اور پالیسی سازی کی کارکردگی مثالی ہے، اور صوبہ پنجاب کے معدنی وسائل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ معدنیات کی اصلاحات دیگر صوبوں کے لیے قابل تقلید ماڈل بن چکی ہیں۔