پہلگام واقعہ بھارت کے گلے کی ہڈی بن چکا ،پاکستانی سالمیت پر حملے کا حساب دینا پڑے گا‘پیاف

بھارت کو ایسا جواب دیا جائیگا جسے اسکی آنے والی کئی نسلیں بھی یاد رکھیں گی ‘ میاں سہیل،سید محمود غزنوی،مدثر مسعود، راجہ وسیم

بدھ 7 مئی 2025 15:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)پیاف کے پیٹرن انچیف پیاف میاں سہیل نثار ،چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اوروائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے بھارت کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے ، بھارت نے اشتعال انگیزی کرتے ہوئے پاکستان کی سالمیت پر حملہ کیا جسے اس کا حساب دینا پڑے گا ۔

اپنے مشترکہ بیان میں پیاف کے عہدیداروںنے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی شہری آبادیوںکو نشانہ بنایا جس سے معصوم شہریوں کی شہادتیں ہوئیں۔ پاکستان نے بھرپور جواب کارروائی میں بھارت کی فوجی تنصیبات اور طیاروں کو نشانہ بناکر اپنی برتری واضح کر دی۔ بھارت کو پاکستان کی سالمیت پرحملے کرنے کا بھرپور جواب دیا جائے اور اس کی آنے والی کئی نسلیں بھی اس جواب کو یاد رکھیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری اور ساری قوم پاکستان کے دفاع کے لئے متحد اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے ، ان شااللہ ہماری افواج ہی بھارت کے لئے کافی ہیں اور اس کے بعد ساری قوم بھی جذبہ شہادت سے سرشار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میدانوں میں جنگیں جذبے سے لڑی جاتی ہیں اور بھارت پاکستانی قوم کے جذبے کا ہرگز مقابلہ نہیں کر سکتا ۔