یوریا کی برآمدات اور گیس فراہمی پر مثبت پیش رفت، وفاقی وزیر رانا تنویر کی اینگرو کے سی ای او علی رٹھور سے ملاقات

ملک میں یوریا کا اسٹاک 8 سے 10 لاکھ ٹن کے قریب موجود ہے، جو ملکی ضروریات سے زائد ہے، علی رٹھور کی گفتگو

بدھ 7 مئی 2025 18:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین نے اینگرو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی رٹھور سے ملاقات کی جس میں اینگرو کے سی ای او نے وفاقی وزیر کو اپنی پرانی فیکٹریوں کے لیے گیس کی فراہمی میں معاونت کی درخواست کی تاکہ کاروباری سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔علی رٹھور نے بتایا کہ ملک میں یوریا کا اسٹاک 8 سے 10 لاکھ ٹن کے قریب موجود ہے، جو ملکی ضروریات سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام فرٹیلائزر کمپنیاں اضافی یوریا کو برآمد کرنے کی خواہشمند ہیں کیونکہ اس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ اس سلسلے میں، اینگرو نے وزارت سے برآمدات کی اجازت کے لیے تعاون کی درخواست کی۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وزارت اینگرو کے پرانے پلانٹس کے لیے گیس کی فراہمی کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور ممکنہ حل کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں کی معاونت کے لیے پائیدار اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کے لیے پٴْرعزم ہے۔یوریا برآمد کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت قومی تحفظ خوراک و تحقیق پہلے صوبوں کی ربیع اور خریف 2025-26 کی ضروریات کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کرے گی۔ اس کے بعد اضافی یوریا کو برآمد کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا تاکہ ملکی ضروریات پوری ہونے کے بعد برآمدات کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے کاروباری اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پٴْرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی یوریا کی برآمدات سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، تاہم ملکی ضروریات کو ہر صورت میں مقدم رکھا جائے گا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت کسانوں کی سہولت کے لیے فرٹیلائزر کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گی اور ملکی زراعت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :