ضلع میں 4 لاکھ 85 ہزار ایکڑ رقبے کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ مکمل کیا جائے گا۔اے ڈی سی جی

بدھ 7 مئی 2025 21:25

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عرفان انور کی زیر صدارت کاٹن کراپ مینجمنٹ مانیٹرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں منعقد کیا گیا۔جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر محمد مسعود سلیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ سروسز، ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن، محکمہ انہار، صدر فرٹیلائزر ایسوسی ایشن ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کپاس کی اگیتی فصل کی کاشت بروقت مکمل کی جائے اور اس سلسلہ میں محکمہ انہار، محکمہ زراعت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کپاس کی بجائی والے علاقوں میں پانی کی ترجیحاً فراہمی کا بندو بست کیا جائے تاکہ کپاس کی کاشت بروقت مکمل کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت، محکمہ انہار اورزراعت سے وابستہ دیگر تمام محکمے کاشتکاروں کے مسائل کے حل اور ان میں آگاہی بیدار کرنے کے لئے تمام تر عملی اقدامات بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں کسی صورت جعلی زرعی ادویات، کھادیں یا بیج کی تیاری و خرید و فروخت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کو نشات عبرت بنایا جائے گا۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امسال کاٹن کراپ کی کاشت کا ٹارگٹ35فیصد حاصل کر لیا گیا ہے اگر نہری پانی کی دستیابی بہتر رہی تو4لاکھ85ہزار ایکٹر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ حاصل کر لیا جائے گا۔

فارم سپورٹ پروگرام کے حوالہ سے 117درخواستیں منظور ہوئی ہیں جس کے تحت کاٹن کے کاشتکاروں کو فی ایکٹر پانچ ہزار کے حساب سے25ہزار ملیں گے،انہوں نے بتایا کہ سیڈ انسپکٹرز کی کارروائی کے نتیجے میں 10چالان جمع ہوئے، 300کلو گرام جعلی کھاد تحویل میں لی گئی جس کی مالیت85ہزار300بنتی ہے۔کاشتکاروں کو تمام ذرائع ابلاغ کے ذریعہ آگہی فراہم کی جا رہی ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کی سہولت کے لئے مختلف پروگرامز ضلع میں جاری ہے جس کے تحت25ہزار548کسان کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں، قرضے کی ریکوری میں بھی صوبہ بھر میں ضلع کی پوزیشن مستحکم ہے، گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت کاشتکاروں کو458ٹریکٹرز دیئے گئے ہیں اور زیادہ گندم اگانے کے مقابلے میں بھی35ٹریکٹرز دیئے گئے ہیں