حکومت حالیہ متنازعہ آرڈیننس کو فی الفور واپس لے ‘ خادم حسین

بہت سے شعبے کارکردگی نہیں دکھا رہے ہیں ،بوجھ عوام کو اٹھانا پڑرہا ہے‘ رکن بورڈ آف ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی

جمعہ 9 مئی 2025 12:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ حکومت حالیہ متنازعہ آرڈیننس کو فی الفور واپس لے ،مذکورہ آرڈیننس نے کاروباری برادری میں جاری اورزیر التوا ء اپیلوں کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات لائے جس سے نئے ٹیکس گزار نظام میں شامل ہوں نہ کہ جو پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں ان پر ٹیکس وصولی کا مزید بوجھ ڈالا جائے ،ایف بی آر ان افراد اور شعبوں کے گرد شکنجہ کسے جو تاحال ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں اور ان کی آمدنی بھی کروڑوں میں ہے ۔

(جاری ہے)

خادم حسین نے کہا کہ حکومت کے بہت سے شعبے فعال طریقے سے اپنی کارکردگی نہیں دکھا رہے ہیں جس کا سارا بوجھ عوام کو اٹھانا پڑرہا ہے جس کی وجہ سے حکومتی اخراجات میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام بیورو کریسی کی بنائی گئی پالیسیوں سے متنفر ہو رہے ہیں اور ان میں پائی جانے والی تشویش بڑھتی جارہی ہے ۔ ایف بی آر کو کھلی چھوٹ دینے کی بجائے پالیسی سازی کے عمل میں اسٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق پالیسیاں بن سکیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام چیمبرز ، تاجر تنظیمیں اور ایسوسی ایشنز کا متفقہ مطالبہ ہے کہ متنازعہ آرڈیننس کو فی الفور واپس لے کر کاروباری برادری میں پائی جانے والی تشویش کا خاتمہ کیا جائے ۔