ہم بدر و حنین کے وارث ہیں، دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے ، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعہ 9 مئی 2025 17:33

ہم بدر و حنین کے وارث ہیں، دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے ، ڈاکٹر ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے موجودہ ملکی حالات اور ممکنہ جنگی صورتحال کے تناظر میں قوم سے جرأت و بہادری سے کام لیتے ہوئے دشمن کے سامنے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ڈٹ کر کھڑے ہوئے کی اپیل کی ہے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام دشمن کے کسی بھی ناپاک ارادے کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوں گے،ہم بدر، احد اور حنین کے غازیوں ، شہیدوں کے وارث ہیں اور اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

منعقدہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ، خواتین، بزرگ، اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دشمن افواج کے ہتھیاروں کا مقابلہ صرف اسلحے سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد، اور قربانی کے جذبے سے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر کوئی قوت ہماری سالمیت پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرے گی تو قوم کے بیٹے اور بیٹیاں صفِ اول میں کھڑے ہوں گے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ اور گمراہ کن مواد کے خلاف علمی و فکری مزاحمت کریں اور قومی بیانیے کو فروغ دیں۔