لله*تربت ٹیچنگ اسپتال میں فیملی پلاننگ سروسز کی بہتری اور عوام تک موثر طریقے سے پہنچانے کے لیے ایک اجلاس

جمعہ 9 مئی 2025 20:15

ی*تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2025ء) تربت ٹیچنگ اسپتال میں فیملی پلاننگ سروسز کی بہتری اور عوام تک موثر طریقے سے پہنچانے کے لیے ایک اجلاس میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وحید بلیدی کی زیر صدارت منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر روف بلوچ، ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ بہبود آبادی اسلم شاہ، اور فیملی پلاننگ کی فوکل پرسن ڈاکٹر فوزیہ بلوچ نے شرکت کی ۔

اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے جن میں سب سے اہم فیصلہ او پی ڈی میں فیملی پلاننگ کے لیے ایک مخصوص کمرہ مختص کرنے کا تھا۔ اس کمرے میں تمام ضروری آلات، ادویات، اور تربیت یافتہ عملہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ عوام کو معیاری، باعزت، اور قابل اعتماد خدمات دی جا سکیں اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ محکمہ بہبود آبادی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ فیملی پلاننگ سروسز کے نفاذ، نگرانی، اور ان کی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ، اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ان خدمات کی بہتر فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ عوامی صحت میں بہتری لائی جا سکے۔شرکانے اس بات پر زور دیا کہ فیملی پلاننگ کی اہمیت کے بارے میں عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے، تاکہ کمیونٹی میں اس سروسز کے فوائد اور اہمیت کا شعور بڑھایا جا سکے۔ اس مہم کا مقصد فیملی پلاننگ سروسز کا دائرہ وسیع کرنا اور اس کی افادیت کو اجاگر کرنا ہے اجلاس میں تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فیملی پلاننگ کسی بھی معاشرتی ترقی کے لیے ایک اہم عنصر ہے اور اس کی بہتری کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس سلسلے میں فالو اپ اجلاسوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور درپیش چیلنجز کو حل کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :