بھارت کی جانب سے پانی روکنا ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتا ہے، بلاول بھٹوزر داری

سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، سربراہ پاکستانی سفارتی مشن کی گفتگو

اتوار 15 جون 2025 21:20

بھارت کی جانب سے پانی روکنا ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتا ہے، بلاول بھٹوزر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے پانی روکنا واقعی جوہری جنگ کا باعث بن سکتا ہے ، سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی پاکستان کی ریڈ لائن ہے۔سابق وزیرخارجہ اور پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے جرمنی کے نیوز چینل کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا فیصلہ واپس لینا پڑے گا، یہ انسانی حقوق کے خلاف ہے، عمل درآمد تو دور کی بات ہے، صرف یہ دھمکی دینا کہ بھارت پاکستان کے پانی کو روکے گا، اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حق دفاع کی تو دور کی بات یہ تو ہماری بقا کا مسئلہ ہے، اگر ہم اپنے لوگوں کو پینے کے لیے پانی کا فراہم نہ کرسکیں توبطور ریاست ہماری ذمے داری ہے کہ میں انہیں ان کا حق دلواں چاہے اس کے لیے ہمیں جنگ کیوں نہ چھیڑنی پڑے اور یہی (پانی)ہماری ریڈ لائن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے بہت سے واقعات ہوتے ہیں جن میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں سب سے بڑا ثبوت کلبھوش یادو کی گرفتاری ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے یہ نہیں کہا کہ اس کی وجہ سے ہم جنگ چھیڑ رہے ہیں لیکن بھارت نے پاکستان کا پانی بند کرنے پر عمل درآمد کیا تو مجبورا پاکستان کو جنگ کے میدان میں اترنا پڑے گا۔