اپریل 2024 تک واٹر ریکوری کی مد میں 274 ملین روپے وصول کیے گئے ، ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ

پیر 12 مئی 2025 16:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی واٹر ریکوری برانچ نے مالی سال 25-2024 میں گزشتہ برسوں کی نسبت نمایاں بہتری دکھائی ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 30 اپریل 2024 تک واٹر ریکوری کی مد میں 274 ملین روپے وصول کیے گئے جو کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 260 ملین روپے تھے۔ ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق اس بہتری کا ایک اہم سبب ان غیر قانونی پانی کے کنکشنز کے خلاف مؤثر کارروائی ہے جن کی پراپرٹی اسسمنٹ تاحال نہیں کی گئی تھی۔

ماضی میں کئی پراپرٹیز ایسی تھیں جن کے مالکان نے پراپرٹی ٹیکس کی اسسمنٹ نہیں کرائی تھی مگر وہ کنٹونمنٹ بورڈ سے پانی کے کنکشن حاصل کیے ہوئے تھے۔ ہیڈکوارٹر ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے غیر اسس شدہ یونٹس کی اسسمنٹ سے متعلق جاری کردہ پالیسی کے تحت راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے ایسے تمام یونٹس کے جنرل چالان بند کر دیئے تھے۔

(جاری ہے)

ان پراپرٹی مالکان کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ پہلے اپنی پراپرٹی کی مکمل تفصیلات دفتر میں جمع کرائیں تاکہ اسسمنٹ مکمل کی جا سکے اور ان کو باقاعدہ سی بی نمبر جاری کیے جا سکیں۔ اس پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے بورڈ نے اب تک تقریباً 2000 غیر اسس شدہ پراپرٹیز کی اسسمنٹ مکمل کر لی ہے اور ان کے سی بی نمبر جاری کرتے ہوئے باقاعدہ ریونیو چالان بھی دینا شروع کر دیئے ہیں۔

پانچ مرلہ سے کم رقبے کی پراپرٹیز کو قانون کے مطابق ٹیکس سے استثنا دے کر صرف پانی کے بل جاری کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق ان اقدامات سے نہ صرف ریونیو میں اضافہ ہو گا بلکہ پانی کی غیر قانونی تقسیم کو روکنے میں بھی مدد ملے گی جو کہ طویل المدتی طور پر واٹر مینجمنٹ کے نظام کو مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

متعلقہ عنوان :