بلوچستان ٹی بی کنٹرول پروگرام کے زیراہتمام ژوب وشیرانی میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپس کاانعقاد

جمعرات 15 مئی 2025 17:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) بلوچستان ٹی بی کنٹرول پروگرام کے زیراہتمام ژوب وشیرانی میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کاانعقاد کیاگیا جن میں 500مریضوں کا چیک اپ کیا گیا۔ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹرامین مندوخیل کی خصوصی ہدایات پر ٹی بی کنٹرول پروگرام کی ٹیم نے شغلو (ضلع ژوب)میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا۔

کیمپ کا مقصد دور دراز علاقوں میں بسنے والے عوام کو تپ دق (TB)، ایچ آئی وی اور دیگر بیماریوں کی بروقت تشخیص، آگاہی اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا تھا۔کیمپ میں ضلعی ٹی بی آفیسرڈاکٹر مصور،سکرینرظفراللہ اور ایم آئی ٹی محمد اشرف کی جانب سے مریضوں کا معائنہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

کیمپ میں 280مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 36 جین ایکسپرٹ سیمپلزحاصل کئے گئے جبکہ 51ایکسرے کئے گئے اور ان مریضوں میں مفت ادویات تقسیم کی گئی ۔

تشخیص شدہ مریضوں میں 2مریضوں میں کلینکل ٹی بی ،5مریضوں میں جین ایکسپرٹ اور ایک مریض میں ایکسٹرا پلمنری ٹی بی کی رپورٹس مثبت آئی ہے ۔کیمپ میں مریضوں کا مکمل معائنہ، مفت ادویات اور ضروری مشورے فراہم کیے گئے۔یہ کیمپ صحت عامہ کی بہتری اور تپ دق کے خاتمے کی مہم میں ایک کامیاب اور اہم قدم ثابت ہوا۔اسی طرح صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان ٹی بی کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام شیرانی میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 220او پی ڈیز کے دوران کیمپ میں 44سینہ کے ایکسرے کئے گئے جبکہ 30جین ایکسپرٹ کے لیے نمونے جمع کیے گئے ۔

متعلقہ عنوان :