کاشتکار کٹائی کے بعد بھوسے کو آگ مت لگائیں ،محكمہ زراعت سمبڑیال

جمعہ 16 مئی 2025 14:00

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) کٹائی کے بعد بھوسے کو آگ مت لگائیں کیونکہ صحت مند معاشرے اور انسانی صحت کیلئے ماحول کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری جبکہ مڈھوں کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے، زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں کمی واقع ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ذیشان احمد گورائیہ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی بھوسہ کی سنبھال کیلئے ویٹ سٹرا چاپر کا استعمال کریں،سموگ کی روک تھام کے تحت دھان،گندم،مکئی اور دیگر فصلات کی باقیات مڈھوں کو آگ لگانا پنجاب ماحولیاتی تحفظ قوانین کی دفعہ 7 کے تحت قانونا جرم ہے جس کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ یا سزا کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام کاشتکاروں سے گزارش ہے کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنائیں ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار فصل کی باقیات کو آگ نہ لگائیں بلکہ روٹا ویٹراور ڈسک ہیرو کی مدد سے باقیات کو زمین میں ملائیں اور نامیاتی مادہ کی مقدار بڑھائیں جس سے زمین کی زرخیزی بڑھے گی اور کاشتکار کے کھاد کے اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

متعلقہ عنوان :