جنگلات کو محفوظ بنانے کیلئے مہتمم جنگلات مظفرآباد ڈویژن سید مظہر نقوی کی حکمت عملی تیار

جمعہ 16 مئی 2025 19:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء) شدید گرمی کے باعث جنگلات کو آگ لگنے کے خطرات سے محفوظ بنانے کے لئے مہتمم جنگلات مظفرآباد ڈویژن سید مظہر نقوی کی حکمت عملی تیار ، مہتمم نے سر سبز درختان کو محفوظ بنانے کے لئے سڑک اور راستوں کے ارد گردپرانا گھاس اور چیڑ ، دیودار ، بیاڑ کے پودوں سے گرا ہوا چلوتر کی صفائی کا حکم دیدیا ، مظہر نقوی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ جنگلات کو ہر سال مختلف طریقوں سے آگ لگا کر نقصان پہنچایا جاتا ہے جیسے راہ چلتے ہوئے سگریٹ پھینک دینا اور غیر ارادی طور پر آگ کا بھڑک اٹھنا ، اسی طرح کئی لوگ راہ چلتے ہوئے گاڑی یا پیدل آگ ایسی جگہ پھینک دیتے ہیں جہاں پرانا گھاس اور پودوں کے پتے اورجمع شدہ چلوتر ہوتا ہے اب کی بار گرے ہوئے چلوتر کو وقت سے پہلے صاف کرنا ہوگا اور ایسا گھاس جو باآسانی آگ لگانے والے عناصر کو سہولت فراہم کرتا ہے کوکا ٹ کر ختم کردیا جائے گا ، مہتمم نے مذید کہا کہ ہر شخص اگر جنگلات کو اپنی زندگی کی بقاء سمجھے تو وہ وقت دور نہیں جب ہر ایک فرد میں شعور بیدار ہو جائے گا کہ جنگلات ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور ان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے ، چھوٹے پودے جو امسال لگائے گئے انھیں آگ سے بچانا ناگزیر ہو چکاہے ، تمام گارڈ ، فاریسٹر ، واچر متحرک ہو جائیں اور ایسے عناصر پر نظر رکھیں جو سر سبز جنگلات کو جلا دیتے ہیں اورحکومت سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ اسمبلی میں ایک ایسا قانون پاس کیا جائے تاکہ جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کا قلع قمع ہو سکے ، ہم سارا سال لاکھوں روپے اور محنت لگا کر شجر کاری کرتے ہیں اور درختوں کی حفاظت کرتے ہیں مگر جنگلات دشمن عناصر چند منٹوں میں ہماری محنت اور ریاستی خزانہ کو راکھ کا ڈھیر بنا دیتے ہیں ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہو سکتے ۔