لائیو سٹاک کارڈ سے مویشی پال حضرات کو وانڈا، سائیلج اور منرل مکسچر خریدنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں ،ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر محمد اشرف

ہفتہ 17 مئی 2025 14:51

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل (ایکسٹینشن) محکمہ لائیو سٹاک پنجاب ڈاکٹر محمد اشرف نے ڈائریکٹوریٹ آف لائیو سٹاک ساہیوال کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر ساہیوال ڈاکٹر رانا عبد الرؤف نے انہیں پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل (ایکسٹینشن) محکمہ لائیو سٹاک پنجاب ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب مویشی پال حضرات کو بااختیار بنانے کے لئے متعدد اقدامات کررہی ہے اور لائیوسٹاک کارڈ کا اجراء بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کارڈ سے مویشی پال حضرات کو وانڈا، سائیلج اور منرل مکسچر خریدنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس اسکیم کی کامیاب تکمیل کے لئے افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس اسکیم میں شامل کسان بھائیوں کو بھی پیغام دیا کہ وہ اپنے بقایا جات جلد از جلد جمع کروا کر اسکیم کی اگلے مرحلے کے لیئے اہلیت حاصل کریں۔ انہوں نے جانوروں کیلئے ادویات کی خریداری اور انکی جینیاتی بہتری کے حوالے سے بھی افسران کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران مزید محنت اور حوصلہ کے ساتھ فارمر اور ملک کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔