ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ میں متنازعہ ترامیم واپس لینے پر حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، میاں ابوذر شاد

ہفتہ 17 مئی 2025 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت کی جانب سے ٹریڈ آرگنائزیشنز (ترمیمی) ایکٹ 2025 میں کی گئی متنازعہ ترامیم واپس لینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے فیصلے کو بزنس کمیونٹی کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے لاہور چیمبر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ۔

میاں ابوذر شاد نے بتایا کہ اب ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیموں کے انتخابات 2026 میں ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر وہ پہلا ادارہ تھا جس نے ان ترامیم کے خلاف سب سے پہلے آواز بلند کی۔ 20 فروری کو لاہور چیمبر میں پنجاب بھر کے چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کا اجلاس بلا کر ان ترامیم کے خلاف باضابطہ تحریک کا آغاز کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو اعتماد میں لیے بغیر قانون سازی ناقابل قبول ہے۔ ہم حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے لاہور چیمبر کا مو قف تسلیم کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مفادات کا دفاع کرتا آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کاروبار سے متعلق کوئی بھی قانون سازی چیمبرز آف کامرس کی مشاورت سے ہونی چاہیے اور چیمبرز کو پالیسی سازی میں فعال شراکت دار بنایا جانا چاہیے۔میاں ابوذر شاد نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا کہ اس نے لاہور چیمبر کا موقف عوام اور حکومت تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔