Live Updates

آرگینک خوراک ، مصنوعات کے فروغ کیلئے باضابطہ پالیسی ، قانونی ڈھانچہ تشکیل دیا جائی: نجم مزاری

ہفتہ 17 مئی 2025 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2025ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے پاکستان میں آرگینک کے رجحان کے فروغ کیلئے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تناظر میں اقدامات سے دیہی معیشت کو وسیع پیمانے پر ترقی دی جا سکتی ہے ، چین سمیت کئی ممالک جڑی بوٹیوں کے بڑے خریدار ہیں لہٰذا معیاری سرٹیفکیشن اور لیبلنگ کے ذریعے برآمدی فہرست میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔

نجم مزاری نے ابتدئی طور پر سات تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں کسانوں کی تربیت و معاونت دی جائے جس کے تحت انہیں آرگینک کھیتی باڑی کے اصولوں پر مشتمل تربیتی پروگرامز کے ذریعے تربیت دی جائے ،کسانوں کو قدرتی کھادوں، جڑی بوٹیوں پر مبنی پیسٹی سائیڈز اور ماحول دوست بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے ،ماڈل آرگینک فارمزقائم کر کے عملی تربیت کے مواقع فراہم کئے جائیں،معیاری سرٹیفیکیشن اور نگرانی کا موثر نظام ہونا چاہیے جس کے لئے خودمختار ’’ آرگینک سرٹیفیکیشن اتھارٹی‘‘کا قیام عمل میں لایا جائے ، آرگینک لیبلنگ سسٹم کا نفاذ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرگینک خوراک اور مصنوعات کی تشہیر کیلئے موثرمارکیٹنگ کی جائے ، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بیرون ممالک ہونے والی نمائشوںمیں آرگینک خوراک اور مصنوعات کے سٹالز کیلئے جگہ مختص کرنے کیلئے پابند کیا جائے ،شہروں میں ہفتہ وار آرگینک مصنوعات اور مصنوعات کے بازار وںکا قیام عمل میں لایا جائے جہاں صارفین براہ راست خریداری کر سکیں،تعلیمی اداروں میں سیمینارز اور آگاہی لیکچرز دئیے جائیں جہاں پر ڈاکٹرز، ماہرین غذااور ماحولیاتی ماہرین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ آرگینک خوراک اور مصنوعات کو برآمدی صنعت کے طور پر دیکھا جائے ،اس کے لئے متعلقہ وزارتیں بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنے والی آرگینک خوراک اور مصنوعات کی تیاری کیلئے معیاری پیکنگ، پراسیسنگ اور برانڈنگ میں مدد فراہم کریں،باضابطہ پالیسی و قانونی ڈھانچہ اور جامع ’’قومی آرگینک زرعی پالیسی‘‘ تشکیل دی جائے اور پالیسی کی مانیٹرنگ کے لیے ایک مستقل کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوںنے کہا کہ آرگینک خوراک اور مصنوعات کی برآمدات کی طرف آنے والوں کو ٹیکسز میں چھوٹ اورفریٹ میں سبسڈی دی جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات