ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہروں کو خوبصورت اور کشادہ بنانے کے لئے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے، کمشنر گوجرانوالہ

اتوار 18 مئی 2025 17:10

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی واضح ہدایات کی روشنی میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہروں کو خوبصورت اور کشادہ بنانے کے لئے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے، تجاوزات کے خاتمے کیلئے باقاعدگی سے آپریشن کئے جارہے ہیں اورڈویژن کے تمام اضلاع میں شہر کی گلیوں اور محلوں میں صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب احسان بھٹہ کو کمشنر آفس میں ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری ہے جس میں کسی قسم کے دباؤ اور سفارش کو خاطر میں لائے بغیر اہداف کوحاصل کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں گلیاں اور بازار کھلے نظر آتے ہیں جس سے عوام کو آمدورفت میں سہولت میسر آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کیلئے اہم چوکوں اور گرین بیلٹس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، سڑکوں چوراہوں پر خوبصورت مانومنٹس کی تصنیب کے ساتھ ساتھ صفائی کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب احسان بھٹہ نے اس موقع پر کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن تیز کیا جائے انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے ڈپٹی کمشنرزکڑی نگرانی کریں اور سڑک کے قریب جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر ختم کروائے جائیں اس سلسلے میں کنٹریکٹر کو سختی سے پابند کریں کہ وہ روڈ کو صاف رکھنے کے لیے سٹاف تعینات کرے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کے نظام کو خود مانیٹر کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا بنا کر اسکی خوبصورتی میں مزید بہتری لائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :