وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق مارکنگ کے مقررہ ضوابط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی

اتوار 18 مئی 2025 23:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق مارکنگ کے مقررہ ضوابط پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہیڈ و سب ایگزامنرز زیرو ٹالرینس پالیسی پر مکمل عمل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے میٹرک فرسٹ اینول 2025 کے امتحانات کی مارکنگ میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے گورنمنٹ پی اے ایف ہائی سکول، لوئر ٹوپہ مری میں قائم مارکنگ سینٹر کا دورہ کیا اور مارکنگ کے عمل، معیار اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی ناقابل قبول ہے کیونکہ یہی طلبہ قوم کا مستقبل ہیں اور ان کے تعلیمی نتائج میں کسی بھی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید کی ہدایات کے مطابق مارکنگ کے نظام کو جدید، شفاف اور مکمل میرٹ پر مبنی بنایا جا رہا ہے تاکہ والدین اور طلبہ کا تعلیمی نظام پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔