ڈپٹی کمشنر لاہور کا ناجائز منافع خوروں کےخلاف کارروائی کا حکم

پیر 19 مئی 2025 14:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے۔اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس شہر بھر میں متحرک ہو گئے ہیں تاکہ سرکاری نرخنامے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کےمطابق متعدد دکانداروں کو قیمتوں کی خلاف ورزی پر وارننگز بھی جاری کی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق کریلا، بھنڈی، پالک اور شملہ مرچ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت 16 سبزیوں کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ پھلوں میں سیب، کیلا، انار سمیت 7 اقسام کی قیمتیں بھی مستحکم رہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری قیمتوں کی پابندی کے ذریعے شہریوں کے معاشی حقوق کا تحفظ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی دکان پر سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی دیکھی جائے تو فوری شکایت ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم نمبر0002345۔0307 پر درج کرائیں۔ اس کے علاوہ شہری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی تاکہ منافع خور عناصر کا قلع قمع کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔