صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتیران سے ایم ڈی واسا گل خان کی ملاقات

پیر 19 مئی 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای)سردار عبدالرحمن کھتیران سے ایم ڈی واسا گل خان نے پیر کے روز منسٹر پی ایچ ای آفس میں ملاقات کی، جس میں ادارے کی تکنیکی، مالیاتی اور آپریشنل کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن اور ڈائریکٹر فنانس واسا بھی شریک تھے۔

اجلاس کے دوران محکمہ واسا کی جاری اور مجوزہ سکیموں، ریونیو کلیکشن ، پانی کی فراہمی و نکاسی آب کے نظام اور موجودہ انفراسٹرکچر کی استعدادِ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر پی ایچ ای نے منصوبہ بندی، عمل درآمد اور مانیٹرنگ کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے اور ڈیلیوری کو ٹائم فریم کے اندر مکمل کرنے پر زور دیا۔صوبائی وزیر عبدالرحمن کھتیران نے اس بات پر بھی توجہ دلائی کہ ادارے کی کارکردگی کو ڈیٹا ڈرِوِن ماڈل کے تحت جانچا جائے اور تمام شعبہ جات میں(Key Performance Indicators) متعارف کروائے جائیں تاکہ نتائج کو ناپا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ کا استعمال کارکردگی سے مشروط ہونا چاہیے اور ہر سطح پر شفافیت اور ذمہ داری کا تعین ضروری ہے۔ایم ڈی واسا گل خان نے تفصیل سے آگاہ کیا کہ ادارہ موجودہ انفراسٹرکچر کو اپگریڈ کرنے، پانی کے ضیاع کی روک تھام اور سسٹم کی آٹومیشن کیلئے متعدد اقدامات پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے ریونیو کلیکشن اور آپریشنز کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق جاری پائلٹ پراجیکٹس پر بھی روشنی ڈالی۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایات دیں کہ آئندہ اجلاس میں ہر شعبہ کی کارکردگی کا ماہانہ بنیاد پر تکنیکی جائزہ لیا جائے گا اور نتائج کی بنیاد پر مزید اقدامات کا تعین کیا جائے گا۔