صبا فیصل نے طلاقوں میں اضافے کی وجہ خواتین کو قراردے دیا

منگل 20 مئی 2025 22:33

صبا فیصل نے طلاقوں میں اضافے کی وجہ خواتین کو قراردے دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء) سینئر اداکارہ صبا فیصل نے طلاقوں کی بڑھتی ہوئی شرح پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ آج کی خواتین مردوں سے مقابلہ کرنے لگی ہیں۔اداکارہ نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے معاشرتی تبدیلیوں اور شادی شدہ زندگیوں پر اثر انداز ہونے والے عوامل پر گفتگو کی۔

انہوں نے کہاکہ مرد کو اللہ تعالی نے ایک خاص مقام دیا ہے اور مرد و عورت کے درمیان فطری طور پر کوئی مقابلہ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ جب عورت مرد سے مقابلہ کرنے لگتی ہے تو رشتہ عدم توازن کا شکار ہو کر بگڑ جاتا ہے۔صبا فیصل نے زور دیا کہ شادی جیسے نازک بندھن میں دونوں فریقین کو توازن اور برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ رشتہ مضبوط بنیادوں پر قائم رہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا سے متعلق بات کرتے ہوئے صبا فیصل نے کہا کہ میں ہمیشہ سے سوشل میڈیا پر متحرک رہی ہوں اور عوام کی محبت میرے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے کبھی نفرت آمیز تبصرے کا سامنا نہیں کرنا پڑا، سوائے اس وقت کے جب میں نے اپنی بہو کے ساتھ تنازع سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں کام کے سلسلے میں مقیم ہوں جبکہ خاندان لاہور میں ہے جس وجہ سے سوشل میڈیا میرے لئے اپنوں سے جڑے رہنے کا ایک ذریعہ بھی ہے۔