شطرنج کے لیجنڈ کارلسن کا بیک وقت ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑیوں سے مقابلہ، میچ ڈرا

تمام کھلاڑیوں نے اچھا کھیلا اور مجھے اچھی چال چلنے کا ایک بھی موقع نہیں دیا‘ میگنس کارلسن کی گفتگو

بدھ 21 مئی 2025 16:02

شطرنج کے لیجنڈ کارلسن کا بیک وقت ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑیوں سے مقابلہ، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)شطرنج کے لیجنڈ میگنس کارلسن نے ایک آن لائن میچ میں بیک وقت دنیا بھر سے ایک لاکھ 43 ہزار کھلاڑیوں کے ساتھ شطرنج کھیلی۔میگنس کارلسن کا شمار شطرنج کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے اس لیے ’چیس ڈاٹ کام‘ نامی ویب سائٹ نے ’میگنس کارلسن بمقابلہ ورلڈ‘ کے ٹائٹل سے ایک میچ کا انعقاد کیا۔

اس میچ میں 34 سالہ لیجنڈ نارویجن کھلاڑی کو پوری دنیا سے شطرنج کھیلنے کے شوقین افراد کے خلاف میچ کھیلنا تھا۔2013ء سے 2023ء تک عالمی چیمپئن رہنے والے میگنس کارلسن نے یہ میچ 4 اپریل کو کھیلنا شروع کیا جو 6 ہفتوں سے زائد وقت تک جاری رہا اور آخر کار پیر کو یہ میچ ڈرا ہوگیا۔میگنس کارلسن کا اس میچ کے بارے میں کہنا تھا کہ میچ کے آغاز میں تو مجھے لگا میں اچھا کھیل رہا ہوں۔

(جاری ہے)

اٴْنہوں نے اعتراف کیا کہ تمام کھلاڑیوں نے اچھا کھیلا اور مجھے اچھی چال چلنے کا ایک بھی موقع نہیں دیا۔واضح رہے کہ میگنس کارلسن پہلے گرینڈ ماسٹر نہیں ہیں جنہوں نے اس طرح دنیا بھر سے ہزاروں افراد کی ٹیم کا مقابلہ کیا۔اس سے قبل روسی شطرنج لیجنڈ گیری کاسپاروف نے 1999ء میں 50 ہزار سے زائد کھلاڑیوں کا مقابلہ کیا اور گزشتہ سال بھارتی شطرنج لیجنڈ وشواناتھن آنند نے اسی طرح کے ایک میچ میں 70 ہزار کے قریب کھلاڑیوں کا مقابلہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :