اے ڈی سی ریلیف ایبٹ آباد امان ﷲ سعید کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

بدھ 21 مئی 2025 16:03

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس ایبٹ آباد امان ﷲ سعید کی سربراہی میں ضلعی نگرانی کمیٹی نے ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ میٹنگ کے بعد کمیٹی نے ایبٹ آباد جیل کا تفصیلی معائنہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کردہ سہولیات پر جیل انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے جیل میں بحالی پروگراموں، صفائی، نظم و ضبط اور تعلیمی اقدامات کی بھی تعریف کی اور ان کوششوں کے آئندہ آنے والے مثبت اثرات کو بھی تسلیم کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں جیل انتظامیہ کی کاوشوں اور دلچسپی سے خطیب و معلم ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد قاری بشارت حسین کی وساطت سے ادارہ جمعیت ٹرسٹ تعلیم القرآن نے درج ذیل امور سرانجام دیئے۔ قیدی نوشاد ولد رفیق جو کہ ارش (3/1 دیت) کے تحت پابندِ سلاسل تھا، کی رہائی کیلئے خطیر رقم 22 لاکھ 52 ہزار 640 روپے عدالت میں جمع کروا کر اسے رہا کروایا گیا۔ قیدی احمد محمود ولد سلطان محمود کا جرمانہ مبلغ ایک لاکھ روپے ادا کیا گیا، اس اقدام پر جیل انتظامیہ نے ادارہ جمعیت ٹرسٹ تعلیم القرآن اور تمام متعلقہ حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔