زرعی یونیورسٹی پشاورمیں رحمن کالج آف ڈینٹسٹری پشاور کی جانب سے پانچ روزہ فری ڈینٹل کیمپ کا انعقاد

بدھ 21 مئی 2025 16:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) زرعی یونیورسٹی پشاور میں رحمن کالج آف ڈینٹسٹری پشاور کی جانب سے دانتوں کی صحت کے حوالے سے پانچ روزہ فری ڈینٹل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس میں کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کی نگرانی میں فیکلٹی، انتظامیہ اور طلباء کے دانتوں کا معائنہ کیا جائے گا۔رحمن ڈینٹسٹری کالج اپنی کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرام کے حصے کے طور پر دانتوں کی صحت کی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ چلا رہا ہے جن کا مقصد دانتوں کی صحت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور دانتوں کی دیکھ بھال کے لئے ضروری خدمات فراہم کرنا ہے۔

اس چیک اپ کیمپ کی سرگرمیوں میں مستند پیشہ ور افراد کے ذریعہ دانتوں کا مفت معائنہ، ڈینٹل ایجوکیشن سیشنز ، منہ کی حفظان صحت اور دانتوں کی احتیاطی دیکھ بھال کو فروغ دینے پر سیمینارز میں دانتوں کی صحت اور ابتدائی تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا، دانتوں کے مفت علاج بشمول دانت نکالنا، اسکیلنگ، پالش اور دانتوں کی بھرائی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے ڈائریکٹر کلائمیٹ چینج سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ہمایون خان اور ڈاکٹر ارشد خان کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کیا۔

وائس چانسلر ایمریٹس پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے کمیونٹی کی صحت اور بہبود کے لئے رحمن کالج آف ڈینٹسٹری کے عزم اور مفت خدمات فراہم کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی فیکلٹی، عملہ اور طلباء اس فری ڈینٹل کیمپ سے فائدہ اٹھا کر اپنے دانتوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ کیمپ میں موجود ڈاکٹرز نے وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت و دیگر شرکاء کو بریفنگ دی۔ اس فری ڈینٹل کیمپ سے متعلق معلومات زرعی یونیورسٹی پشاور کے چیف پراکٹر ڈاکٹر بشیر احمد اور چئیرمین سپورٹس بورڈ بلال مروت جبکہ نگرانی رحمن کالج آف ڈینٹسٹری کے ڈاکٹرز کررہے ہیں۔