سعودی عرب اور کویت کے میوزیم کی ترویج و ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مفاہمتی یادداشت سعودی میوزیم کمیشن اور طارق رجب میوزیم نے کویت میں کیے ،غیرملکی میڈیا

جمعہ 23 مئی 2025 13:47

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء)سعودی عرب اور کویت نے ایک ایسی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں مملکتیں اپنی آنے والی نسلوں کو اپنے تاریخی آثار سے روشناس کراسکیں گے اور اپنے ورثے کو جمع کر سکیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ مفاہمتی یادداشت سعودی میوزیم کمیشن اور طارق رجب میوزیم کویت نے کویت میں کیے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اس اتفاق کے بعد دوطرفہ ثقافتی تعاون اور تبادلے کا اہتمام ہوگا۔ میوزیم سے متعلق مختلف شعبوں میں مہارتوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔ نیز نمائشوں کا انعقاد کیا جا سکے گا۔اس مفاہمت کا مقصد یہ بھی ہے کہ سعودی عرب اور کویت کے درمیان وسیع تر ثقافتی تعلقات کو فروغ دیا جائے اور باہمی ٹقافتی مکالمے اور ارتباط کے ذریعے افہام وتفہیم میں اضافہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

مفاہمتی یادداشت پر دستخط سعودی وزارت ثقافت کی مشیر مونا خزیندار نے کیے جو سعودی میوزیم کمیشن کی بھی نمائندہ ہیں۔ جبکہ طارق رجب میوزیم کی طرف سے زاید طارق رجب نے دستخط کیے ہیں۔ زاید طارق رجب میوزیم میں ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔اس مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کے بعد دونوں مملکتوں کے درمیان تحقیق کے شعبے میں تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔

عارضی نمائشوں کا اہتمام کیا جائیگا۔ ایک دوسرے کی مدد سے ثقافتی مواد امپروو کیا جائے گا۔یہ کہ دونوں مملکتیں ایک مشترکہ گروپ قائم کریں گی جو مذکورہ بالا شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششوں اور نگرانی کی ذمہ داریاں سرانجام دے گا۔اس موقع پر مونا خزیندار نے کہا ' مفاہمتی یادداشت پر دستخط سعودی میوزیم کمیشن کی سٹریٹجک شراکت داری بڑھانے کے لیے کمٹمنٹ کا اظہار ہے۔ یہ دائرہ پورے خطہ عرب کو اپنے اندر سموئے گا۔' انہوں نے طارق رجب میوزیم کی اس میدان میں خدمات کو بھی تحسین پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :