جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کے درمیان قربتوں کی خبریں زور پکڑ گئیں

جسٹن ٹروڈو نے 2023میں اپنی اہلیہ صوفی گریگوار سے 18 سالہ ازدواجی زندگی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا،رپورٹ

جمعہ 1 اگست 2025 17:15

جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کے درمیان قربتوں کی خبریں زور پکڑ گئیں
مونٹریال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء) کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور امریکی پاپ گلوکارہ کیٹی پیری کے درمیان قربتوں کی خبریں زور پکڑ گئی ہیں، جب دونوں کو مونٹریال کے ایک پرتعیش ریسٹورینٹ میں ایک ساتھ کھانا کھاتے دیکھا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ نے ریسٹورینٹ میں تقریبا دو گھنٹے گزارے۔

ذرائع کے مطابق شام کا آغاز کاک ٹیلز سے ہوا، جبکہ دونوں نے ٹونا، لوبسٹر اور ایسپراگس سمیت مختلف کھانوں سے لطف اٹھایا۔

(جاری ہے)

یہ افواہیں اس وقت مزید شدت اختیار کر گئیں جب امریکی میڈیا پر دونوں کی ایک تصویر منظرِ عام پر آئی، جس میں وہ ساتھ بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم، ملاقات کی نوعیت کے حوالے سے نہ جسٹن ٹروڈو، نہ کیٹی پیری اور نہ ہی ریسٹورینٹ انتظامیہ نے کوئی تبصرہ کیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں شخصیات حال ہی میں اپنی پچھلی محبتوں سے علیحدہ ہو چکی ہیں۔ جسٹن ٹروڈو نے اگست 2023 میں اپنی اہلیہ صوفی گریگوار سے 18 سالہ ازدواجی زندگی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ کیٹی پیری نے اسی ماہ اپنے ساتھی اور اداکار اورلینڈو بلوم سے تعلق ختم کر دیا۔