وزیراعلیٰ پنجاب کا شہریوں کی سفری مشکلات کے پیش نظر بی آر ٹی (بس ریپڈ ٹرانزٹ) کے تحت میٹرو بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

جمعہ 23 مئی 2025 21:03

وزیراعلیٰ پنجاب کا شہریوں کی سفری مشکلات کے پیش نظر بی آر ٹی (بس ریپڈ ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد کے شہریوں کی سفری مشکلات کے پیش نظر بی آر ٹی (بس ریپڈ ٹرانزٹ) کے تحت میٹرو بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس گیم چینجر پراجیکٹ کے تحت شہر میں 2 روٹس پر اورنج لائن اور ریڈ لائن میٹرو بس سروس شروع کی جائیں گی۔ حکومت پنجاب سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے منصوبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کام کر رہی ہے میٹرو بس کا میگا پراجیکٹ فیصل آباد کے شہریوں کے لیے خوش آئند ہے اس سے باوقار سفری سہولت ملے گی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ پنجاب بلال اکبر خان اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے فیصل آباد کا دورہ کرکے اس میگا پراجیکٹ بارے نیسپاک کی ٹیم سے بریفنگ لی۔

(جاری ہے)

آن لائن کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت فیصل آباد کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ، ایڈیشنل کمشنرز عامر رضا، آصف چوہان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر،سیکرٹری آر ٹی اے، سی ٹی او،نیسپاک و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران،سابقہ اراکین صوبائی اسمبلی میاں اجمل آصف اور میاں طاہر جمیل نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کو اس موقع پر بی آر ٹی کے مجوزہ پلان اور روٹس بارے آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ بی آرٹی (بس ریپڈ ٹرانزٹ) کے روٹس کا تعین کرتے وقت شہریوں کی ضروریات کو مد نظر رکھا جائے ۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ منصوبہ فیصل آباد کے ماسٹر پلان سے ہم آہنگ کر کے مستقبل کی علاقائی ڈویلپمنٹ کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ٹی کے دونوں روٹس پر شہریوں کی آسانی کے لیے فیڈر بسیں بھی چلائی جائیں گی۔انہوں نے نوید سنائی کہ منصوبے پر تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد کام کا آغاز جلد ہوگا۔کام کے دوران شہریوں کو متبادل ٹریفک روٹس سے بھی آگاہ رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کو جنرل بس سٹینڈ کے ماسٹر پلان بارے بھی آگاہ کیا ۔بعد ازاں صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے بی آر ٹی(بس ریپڈ ٹرانزٹ)کے روٹ کا بھی معائنہ کیا اور ضروری ہدایات دیں ۔