خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی پشاور میں بڑی کارروائیاں، ناقص دودھ، جعلی مشروبات اور ملاوٹی مصالحہ جات تلف، جرمانے عائد

جمعہ 23 مئی 2025 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ناقص دودھ، جعلی مشروبات اور ملاوٹی مصالحہ جات ضبط کر کے تلف کر دیے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کی تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے شیخ آباد میں ایک ڈیری گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے 900 لیٹر خراب دودھ برآمد کیا گیا، جسے موقع پر تلف کر دیا گیا۔

اسی طرح ہشتنگری پھاٹک میں چکن شاپس، جنرل سٹورز اور ہوٹلوں کے معائنے بھی کیے گئے جس کے دوران ایک کباب ہوٹل سے تقریباً 50 لیٹرز خراب فرائنگ آئل برآمد کرکے موقع پر تلف کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے رات گئے جی ٹی روڈ پر مختلف اشیائے خوردونوش لے جانے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا اور چیکنگ کےدوران ایک گاڑی سے 5500 لیٹر ناقص مشروبات برآمد ہوئیں، جن کے نمونے موبائل لیبارٹری کے ذریعے ٹیسٹ کیے گئے اور غیر تسلی بخش قرار دیے گئے۔

(جاری ہے)

مشروبات اور گاڑی کو قانون کے مطابق ضبط کر لیا گیا۔ مزید تفصیلات کیمطابق چارسدہ روڈ پر مصالحہ پیسنے والے مختلف یونٹس کا معائنہ بھی کیا گیا، جہاں سے 100 کلو گرام ملاوٹ شدہ ہلدی برآمد کی گئی۔ متعلقہ یونٹس پر ناقص صفائی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مالکان پر حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف پر جرمانے عائد کرکے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی بھی شروع کردی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کاروائیوں پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اورکہا کہ ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری ومضر صحت خوراکی اشیاء کیخلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔ صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور انکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔