Live Updates

معاون خصوصی برائے جنگلی حیات پیر مصور خان کا عالمی یوم مارخور پر پیغام

ہفتہ 24 مئی 2025 16:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلی حیات، جنگلات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے 24 مئی عالمی یوم مارخور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد عوام میں مارخور کی اہمیت، اسے درپیش خطرات، ماحولیاتی نظام میں اس کے کردار اور تحفظ بارے آگاہی پیدا کرنا ہے۔

صوبائی حکومت مارخور کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چترال، کوہستان اور دیگر علاقوں میں نہ صرف صوبائی حکومت بلکہ مقامی کمیونٹیز بھی مارخور کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مارخور ٹرافی ہنٹنگ پروگرام جہاں ایک جانب اس قیمتی جانور کی آبادی کو ماحولیاتی ضروریات کے مطابق متوازن بناتی ہے تو دوسری طرف اس پروگرام سے حاصل شدہ آمدن کا 80 فیصد حصہ متعلقہ ویلج کنزرویشن کمیٹیز کو دیا جاتا ہے جو مقامی لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاتاہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ سال 2024-25 کی ٹرافی ہنٹنگ کی مد میں حاصل آمدن سے 17کروڑ روپے چترال اور کوہستان کی متعلقہ ویلج کنزرویشن کمیٹیز میں تقسیم کئے گئے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے اقدامات کی بدولت صوبے میں مارخوروں کی تعداد 6 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبے میں مارخور کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات