اسرائیل کا فضائی حملہ، غزہ کی ڈاکٹر کے 10 میں سے9بچے جان بحق

اتوار 25 مئی 2025 09:10

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) غزہ کے جنوبی علاقے میں کام کرنے والی ایک بچوں کی ڈاکٹر النجار کے گھر پر اسرائیل کے فضائی حملے میں ان کے 10 میں سے9بچے جاں بحق ہو گئے ۔عرب نیوز کے مطابق غزہ میں حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منير البرش نے میڈیا سے گفتگو میں بتایاکہا کہ یہ وہ حقیقت ہے جو غزہ میں ہمارا طبی عملہ برداشت کر رہا ہے۔

اس درد کو بیان کرنے کے لیے الفاظ کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں صرف طبی عملے کو ہی نشانہ نہیں بنایا جا رہا بلکہ اسرائیل کی جارحیت مزید بڑھ گئی ہے اور وہ خاندان کے خاندان ختم کر رہا ہے ۔فلسطینی شہری دفاع کی طرف سے شیئر کی گئی ویڈیو، جس کی بی بی سی سمیت متعدد میڈیا اداروں کی تصدیق کی ہے، میں خان یونس میں ایک پٹرول سٹیشن کے قریب منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے چھوٹے بچوں کی لاشوں کو نکالتے دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی سرجن ڈاکٹر گریم گروم، جو ناصر ہسپتال میں رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں، نے کہا کہ ڈاکٹر النجار کا زندہ بچ جانے والا بیٹا اس دن کا آخری مریض تھا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اس حملے کے حوالے سے کوئی خصوصی بیان جاری نہیں کیا تاہم یہ ضرور کہا ہے کہ اس نے 24 گھنٹے میں پورے غزہ میں 100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔