سانگلہ ہل، ناجائز تجاوزات کی بھر مار،تجاوزات کیخلاف آپریشن بے سود ثابت ہوئے

تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو پیدل چلنے میں دشواری کا سامنا ہے،چوکوں میں ریڑھیوں کا قبضہ

اتوار 25 مئی 2025 10:30

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)انتظامیہ نے وزیراعلی پنجاب کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے،تجاوزات کیخلاف آپریشن بے سود ثابت ہوئے،انکروچمنٹ انسپکٹرز کی بار بار تبدیلی بھی کارگر ثابت نہ ہوسکی، شہر بھر میں ناجاجائز تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے شہریوں کو پیدل چلنے میں دشواری کا سامنا ہے، چند ماہ قبل شہر بھر میں ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن ہوا جس میں من پسند اور بااثر افراد کو کھلی چھٹی دی گئی اور عام شہریوں کے پختہ تھڑے،شٹر وغیرہ بذریعہ کرین توڑے گئے، ساتھ ہی شہر سے فروٹ والی ریڑھیوں کو فیصل آباد روڈ پر فروٹ مارکیٹ کیلئے وہاں جگہ دی گئی،مین بازار سے منیاری والی ریڑھیوں کو بھی نکال دیا گیا تاہم موجودہ صورتحال کے مطابق فروٹ والی ریڑھیوں کا کمیٹی بازار لاوا چوک،مین بازار اور میلاد چوک حمیدنظامی روڈ پر دوبارہ قبضہ دیکھنے میں آیا ہے،چھٹی کے روز مین بازار میں بھی ریڑھیاں گھس آتی ہیں، چوکوں میں فروٹ ریڑھیوں کی وجہ سے ٹریفک بلاک رہنا معمول بن گیا ہے،سڑکوں کے درمیان میں بھی ریڑھیاں کھڑی کردی جاتی ہیں، کمیٹی بازار،ریلوے روڈ،حمید نظامی روڈ سمیت انار کلی بازار،ریلوے گلیوں کو دکانداروں نے اپنی ملکیت جاگیر سمجھ کر سامان دکانوں سے باہر رکھ کر قبضہ جما رکھا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پیدل چلنے میں بھی دشواری کا سامنا ہے، شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز تجاوزات کرنے والے مافیا کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔