رینجرزنے جہانگیر روڈ سے اسنیپ چیکنگ کے دوران شہریوں کے اغوا میں ملوث3ملزمان کوگرفتارکرلیا

ملزمان کے 4 ساتھیوں کو رینجرز نے 14اگست کو بچے کے اغوا کی کوشش میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا،ترجمان رینجرز

منگل 19 اگست 2025 16:18

رینجرزنے جہانگیر روڈ سے اسنیپ چیکنگ کے دوران شہریوں کے اغوا میں ملوث3ملزمان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)پاکستان رینجرزسندھ نے جہانگیر روڈ کراچی سے اسنیپ چیکنگ کے دوران شہریوں کے اغوا میں ملوث 3 ملزمان محمد نعمان ولد قاری ریاض حسین، فرید الحق ولد سعید الحق اور محمد نور ولد سید امین کو گرفتار کر لیا۔ گرفتارملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن اور چھینی گئی موٹر سائیکل بر آمد کرلی۔

جبکہ ملزمان کا ایک ساتھی ملزم محمد نور عرف منا ڈانسر ولد عبدالشکور موقع سے فرار ہو نے میں کامیاب ہو گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ ملزم محمد نعمان ولد ریاض حسین گینگ لیڈر ہے اور ملزم کے خلاف تھانہ گلشن معمار میں اغوا برائے تاوان کی ایف آئی آردرج ہے۔ ملزم فرید الحق ولد سعید الحق ڈکیتی کی متعد د وارداتوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ہے اور تھانہ رسالہ، بر یگیڈ اور اورنگی ٹائون کو مطلوب ہے۔

(جاری ہے)

ملزم محمد نور ولد سید امین منشیات فروشی میں ملوث ہے اور تھانہ تیموریہ کو مطلوب ہے۔رینجرزترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان جمشید کوارٹرز تھانے میں اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں مطلوب تھے جس میں ان کے 4 ساتھی عامر علی، بلال علی، فیصل رانا اورملزمہ گلزارہ شبیرکو اس وقت رینجرز نے رنگے ہاتھوں گرفتارکیا جب مورخہ 14اگست 2025 کو ایک 15 سالہ مغوی بچے راشد بلیدی کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

گرفتار ملزمان کو بمعہ غیر قانونی اسلحہ وایمونیشن اورمسروقہ موٹر سائیکل مزید قانونی کاروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔رینجرزنے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔