پاکستان کے تحفظ ،استحکام کیلئے پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ،مولاناسید محمدعبد الخبیرآزاد

منگل 19 اگست 2025 16:20

پاکستان کے تحفظ ،استحکام کیلئے پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان اور خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولاناسید محمدعبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ معرکہ حق بنیان مرصوص کی فتح عظیم پر افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو سلام و خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وہ ملتان میں جشن آزادی اور فتح معرکہ حق کے حوالے سے قومی استحکام پاکستان کا نفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خان ، آر پی او ملتان کیپٹن سہیل احمد چوہدری ، سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر تمام ڈپٹی کمشنر ڈی پی او صاحبان موجود تھے، مولاناسید محمدعبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علما کرام و مشائخ نے شرکت و خطاب کیا جن میں مفتی فتح محمد راشدی، قاضی عبد الغفار قادری، علامہ محمد رشید ترابی، مولانا مسعود قاسم قاسمی مفتی عاشق حسین ، ملک خاور حسین بھٹہ، علامہ فاروق خان سعیدی مولانا عبدالستار نیازی ،مولا نا عبد احق مجاہد ، مولانا عثمان پسروی ، علامہ ارشد عابدی، مولانا عبدالرحیم گجر و دیگر علما کرام و ڈویژنل و ڈسٹرکٹ امن کمیٹیوں کے ممبران کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب میں مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اولیا کے شہر ملتان میں قومی استحکام پاکستان کا نفرنس کے انعقاد کا مقصد اولیا کرام کے پیغام امن اور وحدت کو عام کرنا ہے، وطن عزیز پاکستاناسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا ۔ یہ ملک لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا۔ پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں ۔

وطن عزیز پاکستان کی حفاظت کرنا من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے، قیام پاکستان میں علماء کرام ومشائخ عظام کا کردار ہے ۔مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ شہدا پاکستان اور معرکہ حق بنیان مرصوص کی فتح عظیم پر افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو سلام و خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 6 اور 7 مئی کی رات جب ہندوستان نے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا ، مساجد ، مدارس ، بچوں ، ماؤں بہنوں اور بزرگوں کو معاف نہیں کیا گیا، وفاقی حکومت وزیر اعظم پاکستان، افواج پاکستان، علما کرام اور پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکر دیا، ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر نے اللہ تعالی کی مدد سے چند گھنٹوں میں دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ،افواج پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کے دل جیت لیے ، مولانا سید محمدعبد الخبیر آزاد نے کہا کہ آزادی اللہ تعالی کی نعمت عظمی ہے ، جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں ، پاکستان کے استحکام و خوشحالی کیلئے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور سپہ سالار پاکستان فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کا کردار قابل تحسین ہے، پاکستان کی سلامتی ، دفاع تحفظ اور استحکام کیلئے پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ، دیگر مقررین و علماکرام ممبران امن کمیٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع ہماری بہادر مسلح افواج کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

ہر آنے والا ون ملکی دفاع کو مضبوط بنارہا ہے ۔ آج پوری دنیا میں امن کے حوالہ سے حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کے کردار کوسراہا جارہا ہے، پاکستان متحد ہے اور ہمیشہ متحد رہے گا ، ہم ملک دشمن طاقتوں کا نا پاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے ، ملک دشمن طاقتیں خصوصا بھارت ہمیں آپس میں لڑا کر انتشار پیدا کر کے لسانیت کے نام پر فرقہ واریت کے نام پر ہمیں تقسیم کر کے ہماری قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں ، مقررین نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں ، اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں، اللہ تعالی ہمارے وطن عزیز پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے آمین، کانفرنس کے آخر میں ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور اسلام زندہ باد، پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف پر جوش نعرے بلند کیےگئے، آخر میں بونیر،سوات و دیگر مختلف شمالی علاقہ جات میں آنے والے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت ، زخمیوں کی صحت یابی، اللہ تعالی سے تو بہ واستغفار ملکی سلامتی تر وخوشحالی، استحکام پاکستان عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر اور غزہ فلسطین کی آزادی کے لیےخصوصی دعاکئ گی۔