چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں سے ترکیہ کی معارف فائونڈیشن کے وفد کی ملاقات ، یوتھ کلچرل ایکسچینج پروگرام پر تبادلہ خیال

منگل 19 اگست 2025 16:23

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں  سے ترکیہ کی معارف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات تعلقات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کی معارف فاؤنڈیشن کی نمائندگی کرنے والے طلبہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے حالیہ پاک بھارت تنازعے کے دوران ترکیہ کی پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت اور دونوں ملکوں کے باہمی ثقافتی تعلقات کو بھی اجاگر کیا۔

منگل کو وزیراعظم یوتھ ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ترک وفد کا دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تعلقات مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ہے۔ ملاقات میں یوتھ کلچرل ایکسچینج پروگرام پر توجہ مرکوز کی گئی جو کہ تعلیم، تفریح اور زبان جیسے شعبوں میں باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ایک نیا اقدام ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے پاکستان میں ترک ڈراموں کی وسیع پیمانے پر مقبولیت کا حوالہ دیا اور تمام عمر کے لوگوں کی ان ڈراموں میں دلچسپی کو بڑھتے ہوئے ثقافتی تعلق کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے اردو اور ترکیہ کے درمیان تاریخی رشتوں پر بھی زور دیا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوئے۔چیئرمین یوتھ پروگرام نے ترک معارف فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد ثقافتی تبادلوں اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

یوتھ کلچر ایکسچینج پروگرام دونوں ممالک کے طلبا کو مشترکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی ثقافتوں کو مزید گہرائی سے دریافت کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔وفد نے ترک حکومت کی جانب سے 250 پاکستانی طلبا کے لیے مکمل طور پر فنڈڈ وظائف کی پیشکش کرتے ہوئے ایک نئے اقدام کی تفصیلات بھی بتائیں۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی تبادلوں کو آسان بنانا اور پاکستانی طلبا کو ترکیہ میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اس کے بھرپور تعلیمی اور ثقافتی ماحول کا تجربہ کرسکیں۔

وفد میں ترکیہ کی وزارت برائے نوجوانان اور کھیل کے یوتھ سینٹر کے ڈائریکٹر رمضان سینول سرت اور یوتھ ورکر زوبیدے سرت اور ترک معارف فاؤنڈیشن کی طرف سے شعبہ طلبا اور سابق طلبا کے امور کے سربراہ احمدغنی اور ترکیہ کے ہاسٹل کوآرڈینیٹر مہمت آلگان شامل تھے۔ اس کے علاوہ وفد میں طالب علموں سمیت بگرا ایلوان، ہارون علی، احمد یگیت اتکی، محمد سائی سیک، عمر سین، مصطفی کین ٹیمل، مروی شاہین، بصرہ الینا اوکر، کبریٰ میار ، فاطمہ جولی یلماز، فیضا نور اوستان ، اسما نور سای شامل ہیں۔

وفد کے ساتھ پاکستانی میزبان عملہ بھی تھا جس میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز اینڈ گلوبل انگیجمنٹ شاکر حسین شاکر، انٹرنیشنل معارف سکول اسلام آباد کی پرنسپل زرفشان عدنان اور کونسلنگ آفیسر ذکیہ چراغ شامل تھیں۔واضح رہے کہ ترک پارلیمنٹ کی طرف سے قائم کردہ ترک معارف فاؤنڈیشن (ٹی ایم ایف ) عالمی ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ دینے، بیرون ملک تعلیمی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

332 اداروں کے نیٹ ورک کے ساتھ 67 ممالک میں کام کرنے والا، ٹی ایم ایف 40,000 سے زیادہ طلباء کو خدمات فراہم کرتا ہے اور پری سکول سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک کے پروگرام پیش کرتا ہے۔فاؤنڈیشن اسکالرشپ اور معلم کی تربیت بھی فراہم کرتی ہے اور بین الاقوامی تعاون میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ مکمل طور پر فنڈڈ اسکالرشپس اور اسٹریٹجک پارٹنرشپس کے ذریعے، ٹی ایم ایف طلباء کو ان کے تعلیمی اور ثقافتی تجربات کو وسیع کرنے میں مدد کرتا ہے اور اس طرح عالمی تعلقات کو مضبوط کرتا ہے۔قبل ازیں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے ترک وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔