Live Updates

برطانیہ ملکی برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، میاں کاشف اشفاق

اتوار 25 مئی 2025 13:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) یوکے پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ برطانیہ یورپ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور وہ جدت کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اتوار کو محمد ارباب خان صدر پاک برٹش فرینڈشپ کونسل نارتھ ویسٹ چیپٹر یوکے کی قیادت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس روابط، مشترکہ منصوبوں اور باہمی تعاون سے اس رفتار کو تیز تر کیا جا سکتا ہے۔

برطانیہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنا کر پاکستان کو سماجی و اقتصادی خوشحالی کی جانب گامزن کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی کافی گنجائش موجود ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں اوور سیز پاکستانیوں اور چیمبرز آف کامرس کی کوششوں کو سراہا اور دونوں حکومتوں سے تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے، ریگولیٹری فریم ورک کو ہموار کرنے اور اقتصادی تعاون کے لیے زیادہ سازگار ماحول پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری پائیدار ترقی اور طویل مدتی خوشحالی کے لیے بہت ضروری ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات