پشاور میں ایکسائز ویئر ہاؤس میں آتشزدگی، درجنوں گاڑیاں جل گئیں

لاکھوں روپے مالیت کی ضبط شدہ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 مئی 2025 19:41

پشاور میں ایکسائز ویئر ہاؤس میں آتشزدگی، درجنوں گاڑیاں جل گئیں
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں ایکسائز کے ضبط شدہ گاڑیوں کے ویئر ہاؤس میں آگ لگنے سے درجنوں گاڑیاں جل گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور کے ٹول پلازہ کے قریب محکمہ ایکسائز کے ضبط شدہ گاڑیوں کے ویئر ہاؤس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں درجنوں گاڑیاں جل کر راکھ ہوگئیں، آگ لگنے کے بعد علاقے میں افرا تفری پھیل گئی، دھوئیں کے بادل دور تک دکھائی دیتے رہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی نے بتایا کہ اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ویئر ہاؤس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو کی فائر ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کردی، آگ بجھانے میں چار فائر وہیکلز اور ایک ایمبولینس نے حصہ لیا، کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، واقعے میں لاکھوں روپے مالیت کی ضبط شدہ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جب کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :