بنگلہ دیش میں انتخابات دسمبر کے اوائل میں کرانے کا عندیہ

بنگلہ دیشی عبوری حکومت کے سربراہ کی سیاسی جماعتوں سے مشاورت،انتخابی عمل کی جانب بڑھنے پر زور

پیر 26 مئی 2025 15:35

بنگلہ دیش میں انتخابات دسمبر کے اوائل میں کرانے کا عندیہ
ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے دوسرے دن بھی ملک کی متعدد سیاسی جماعتوں کے ساتھ طویل مشاورت کی تاکہ انتخابات کی طرف بڑھنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق عبوری حکومت کے عہدیداروں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماں نے اس حوالے سے بتایا کہ دوسرے دن کی بات چیت میں بھی سیاسی استحکام اور اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا گیا۔

نوبل امن انعام یافتہ 84 سالہ محمد یونس بنگلہ دیش میں انتخابات کے انعقاد تک نگران حکومت کے چیف ایڈوائزر کی حیثیت سے قیادت کریں گے، انہوں نے ملک کی سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ عبوری حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کریں۔ انہوں نیگزشتہ روز سیاسی جماعتوں کے 20 کے قریب رہنماں سے ملاقات کی، اس مشاورت میں بڑی سیاسی جماعتوں کے علاوہ وہ لوگ بھی شامل تھے جنہوں نے رواں ماہ حکومت کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

(جاری ہے)

محمد یونس متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ انتخابات سے قبل جمہوری اصلاحات کا نفاذ ان کا فرض ہے۔انہوں نے جون 2026 تک ان اصلاحات کے مکمل طور پر نافذ ہونے کا وعدہ کیا ہے۔نگراں حکومت نے متعدد اصلاحاتی کمیشن بنائے ہیں جنہوں نے سفارشات کی ایک طویل فہرست تیار کی ہے اور اب ان پر سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔محمد یونس نے کہا ہے کہ انتخابات دسمبر کے اوائل میں کرائے جا سکتے ہیں لیکن آئندہ سال جون میں کرانے سے حکومت کو اصلاحات کے لیے مزید وقت مل سکے گا۔