حج کے دوران ایمرجنسی کے لیے ہسپتالوں کی استعداد 60 فیصد بڑھا دی گئی

11 فضائی ایمبولینس، 900 ایمبولینس گاڑیاں اور 71 طبی مراکز مکمل طور پر فعال

منگل 27 مئی 2025 16:37

حج کے دوران ایمرجنسی کے لیے ہسپتالوں کی استعداد 60 فیصد بڑھا دی گئی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)سعودی عرب کے وزیر صحت فہد الجلاجل نے بتایا ہے کہ حج کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طبی سہولیات کی مجموعی صلاحیت میں گذشتہ سال کی نسبت 60 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تین فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جن میں مجموعی طور پر 1200 سے زائد بستروں کی گنجائش موجود ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر صحت نے کہاکہ اب تک عازمین حج میں کسی وبائی بیماری کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب حجاج کرام کی صحت و سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے اور اسی مقصد کے تحت سخت طبی ہدایات اور احتیاطی تدابیر نافذ کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت صحت نے ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردِعمل کے لیے 11 فضائی ایمبولینس طیارے، 900 ایمبولینس گاڑیاں اور مقدس مقامات پر 71 میڈیکل پوائنٹس مختص کیے ہیں۔

(جاری ہے)

ان تفصیلات کا اعلان انہوں نے ریاض میں سرکاری پریس کانفرنس کے دوران کیا۔فہد الجلاجل نے کہا کہ نازک حالت میں موجود حجاج کو جدید سینسر ڈیوائسز فراہم کی جا رہی ہیں جو دنیا کے سب سے بڑے ورچوئل ہسپتال سے منسلک ہیں۔ ان کے مطابق اب تک حجاج کے لیے 140 آپریشنز اور 65 کارڈیک کیتھیٹریشن کیے جا چکے ہیں جبکہ 14 طبی مراکز کے ذریعے 50 ہزار سے زائد صحت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔