کاشتکار ماہرین زراعت کی مشاورت سے کماد کی فصل کی نقصان دہ کیڑوں سے حفاظت یقینی بنائیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت

پیر 26 مئی 2025 16:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) گھوڑا مکھی، سفید مکھی، مائٹس، سیاہ بگ، رس چوسنے والے کیڑے،ارلی شوٹ بورر، جڑ، تنے، چوٹی کے گڑؤویں اور گرداسپوری گڑؤویں کماد کی فصل کیلئے نقصان کا باعث بنتے ہیں لہٰذا کاشتکار ماہرین زراعت کی مشاورت سے ا ن کابروقت تدارک یقینی بنائیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعامرصدیق کے مطابق کماد صوبہ پنجاب کی اہم نقد آور فصل ہے جسے کاشتکاروں کی معاشی بہبود میں بڑی اہمیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیاہ بگ کماد کی مونڈھی فصل میں زیادہ نقصان کا باعث بنتا ہے اور اس سال چند مقامات پر اس کیڑے کا حملہ مئی میں فصل کی ابتدائی بڑھوتری کے دوران نوٹ کیا گیاجس کے بالغ اور بچے پتوں کے غلاف کے اندر رہ کر رس چوس کر فصل کو کمزور کردیتے ہیں اور فصل کی رنگت زرد ہوجاتی ہے نیز اگر اس کیڑے کا بروقت تدارک نہ کیا جائے تو پیداوار میں 35فیصد تک کمی ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس کے طبعی انسداد کیلئے فصل کو پانی کی کمی نہ ہونے دیں اورکیمیائی تدارک کیلئے بائی فینتھرین زہر بحساب 500ملی لیٹر فی ایکڑ سپرے کریں،اسی طرح ارلی شوٹ بورر کے حملہ سے کماد کی فصل کی پیداوار میں 25سے 30فیصد کمی ہوجاتی ہے جس کے کیڑے کی سنڈی کے جسم پرپانچ عدد گہرے بھورے رنگ کی دھاریاں ہوتی ہیں اورپروانے کا رنگ مٹیالا و پچھلے پر سفید ہوتے ہیں جبکہ اس کیڑے کا حملہ مارچ سے نومبر تک موجود رہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس کیڑے کی سنڈیاں فصل کی ابتدائی بڑھوتری کے دوران زمین کی سطح کے برابر گنے کی کونپل میں سوراخ کرکے پودوں میں سوک بناتی ہیں جو آسانی سے کھینچی جاسکتی ہے اور متاثرہ گنے سے بہت زیادہ بدبو محسوس ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کیڑے کے تدارک کیلئے فصل کی کاشت کو فروری میں مکمل کرلینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکاراس کے کیمیائی تدارک کیلئے دانے دار زہروں کا دو بار استعمال کریں یا فیپرونل زہر بحساب 800ملی لیٹریا کلور انٹرا نیلی پرول بحساب 50ملی لیٹر فی ایکڑ سپرے کریں۔

انہوں نے کہاکہ کماد کے مختلف کیڑوں کے انسداد کیلئے روشنی کے پھندے بھی لگائے جائیں اورمقامی شوگر ملوں کی لیبارٹریوں سے ٹرائیکوگاماکارڈ حاصل کرکے فصل میں کسان دوست کیڑے چھوڑنے کا بندوبست بھی کیا جائے تاکہ فصل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔