غیرملکی دورے پر فرانسیسی صدر کو ان کی اہلیہ نے تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

یہ واقعہ ہنوئی کے ہوائی اڈے پر اس وقت پیش آیا جب ایمانوئل میکرون اپنی اہلیہ کے ساتھ جنوب مشرقی ایشیاء کا دورہ شروع کرنے کے لیے ویتنام پہنچے

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 مئی 2025 16:41

غیرملکی دورے پر فرانسیسی صدر کو ان کی اہلیہ نے تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل
ہنوئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مئی 2025ء ) فرانسیس کے صدر ایمانول میکرون کو ان کی اہلیہ کی جانب سے تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو مبینہ طور پر ان کی اہلیہ بریگٹ نے تھپڑ مار دیا، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے، یہ واقعہ ہنوئی کے ہوائی اڈے پر اس وقت پیش آیا جب ایمانوئل میکرون اپنی اہلیہ کے ساتھ جنوب مشرقی ایشیا کا دورہ شروع کرنے کے لیے ویتنام پہنچے، طیارے کی لینڈنگ کے بعد ویڈیو فوٹیج میں میکرون کے ہوائی جہاز کا دروازہ کھلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد سامنے فرانسیسی صدر کھڑے دکھائی دیئے۔

اسی دوران میکرون کی اہلیہ بریگٹ کے بازو دروازے کے بائیں طرف سے اوپر اٹھتے ہیں، جس کے بعد وہ دونوں ہاتھ اپنے شوہر کے چہرے پر رکھتی ہیں اور انہیں دھکا دیتی ہیں، اس پر فرانسیسی صدر چونکتے ہوئے دکھائی دیئے تاہم جلدی سے انہوں نے خود کو سنبھالا اور فوری ٹھیک ہو جاتے ہیں اور جہاز کے کھلے ہوئے دروازے کی طرف مڑتے ہیں، تاہم ان کی اہلیہ ہوائی جہاز کے اندر ہی پوشیدہ رہتی ہیں جس سے ان کے چہرے کے تاثرات یا باڈی لینگویج نہیں دیکھی جاسکی۔

(جاری ہے)

 
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ واقعے کے کچھ دیر بعد یہ جوڑا ویتنامی حکام کی طرف سے سرکاری استقبال کے لیے سیڑھیوں سے نیچے کی طرف بڑھتا ہے لیکن اس دوران بھی بریگٹ میکرون نے اپنے شوہر کے پیش کردہ بازو کو نہیں تھاما،  فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے دفتر نے اس واقعے کو مسترد کیا اور بعد ازاں اسے مذاق میں کی گئی ایک حرکت قرار دیا، تاہم یہ ویڈیو کلپ تیزی سے آن لائن گردش کر رہا ہے، جس کو وائرل کرنے میں خاص طور پر ان اکاؤنٹس کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے جو فرانسیسی صدر کے خلاف مخالف سمجھے جاتے ہیں۔