Live Updates

تحریک انصاف کا عمران خان کی گرفتاری کے خلاف 5 اگست کو یومِ سیاہ کا اعلان

5 اگست کو پاکستان تحریکِ انصاف اور سفید امن کے جھنڈے کے ساتھ ملک گیر احتجاج کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 اگست 2025 19:00

تحریک انصاف کا عمران خان کی گرفتاری کے خلاف 5 اگست کو یومِ سیاہ کا اعلان
صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2025ء ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واضح کیا ہے کہ منگل 5 اگست کو پورے پاکستان میں ہمارے لیڈر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، اس لیے ملک کے کونے کونے میں 5 تاریخ کے احتجاج کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے، اب ایک سرکاری ملازم ممبرانِ اسمبلی کی تقاریر سے الفاظ حذف کرتا ہے جو سپیکر کے کردار کی تنزلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پارٹی جلد فیصلہ کرے گی کہ آیا موجودہ پارلیمانی نظام کا حصہ رہنا بھی ہے یا نہیں۔

وہ اتوار کو ہی ٹی آئی ضلعی سیکرٹریٹ صوابی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، مرکزی رہنما سابق صوبائی وزیر تعلیم و صحت شہرام خان ترکئی، صوبائی وزرا برائے ایریگیشن عاقب اللہ، وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی، مشیر ٹرانسپورٹ حاجی رنگریز احمد، ضلعی صدر سہیل خان یوسفزئی، جنرل سیکرٹری افسر علی خان، تحصیل کونسل صوابی کے چیئرمین عطا اللہ خان ، ضلعی رہنما جہانزیب خان و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے ملک بھر میں عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف 5 اگست کو یومِ سیاہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری کو دو سال مکمل ہو رہے ہیں، جس کے خلاف پاکستان بھر میں پرامن احتجاج کیا جائے گا، ہماری تحریک مکمل طور پر آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن انداز میں جاری رہے گی، 9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور جو بھی ذمہ دار ہو اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے، عمران خان کے خلاف اگر کوئی ثبوت ہیں تو انہیں کھلی عدالت میں میرٹ پر پیش کیا جائے تاکہ قوم کو سچ کا پتہ چل سکے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ اب آزاد نہیں رہی، عدالتیں ایگزیکٹو کے ماتحت ہو چکی ہیں اور فیصلے کہیں اور سے آتے ہیں، عمران خان ملک کے سب سے مقبول اور باوقار رہنما ہیں جنہوں نے نا صرف عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ قوم کو ایک بیانیہ دیا، ان کے قانونی و آئینی حقوق غصب کیے جا رہے ہیں جو کہ جمہوریت، آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، ہم ججز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے کھلے عدالتوں میں میڈیا کی موجودگی میں میرٹ پر فیصلے کریں، اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان، بشری بی بی اور دیگر رہنماؤں کے تمام زیرِ التوا مقدمات کی شفاف عدالتی کارروائی کی جائے اور ان کے قانونی و آئینی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر شہرام خان ترکئی نے کہا کہ 5 اگست کو صوبائی تنظیمیں اور اراکین اسمبلی مختلف شہروں میں احتجاج کریں گے، اور اس سلسلے میں تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان اور پاکستان تحریکِ انصاف کی مکمل تیاری ہو چکی ہے، ہماری تحریک کا باضابطہ آغاز 5 تاریخ سے ہو رہا ہے اور یہ کوئی وقتی ردعمل نہیں بلکہ ایک مسلسل جمہوری جدوجہد ہے جو اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہمارے مقاصد حاصل نہیں ہو جاتے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہماری تحریک پرامن ہے اور ہم ایک بار پھر ثابت کریں گے کہ عمران خان کے کارکنان آئین و قانون کا احترام کرنے والے پرامن شہری ہیں، ہماری جدوجہد آئین کی بالادستی، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور عدلیہ کی آزادی کیلئے ہے، ہر فرد کو اپنے حق کے لیے خود آواز بلند کرنا ہوگی تب جاکر آپ کی آواز کو سنا جائے گا، 5 اگست کو پاکستان تحریکِ انصاف اور سفید امن کے جھنڈے کے ساتھ ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات