Live Updates

عمران خان کی رہائی ایک گھنٹے میں ہوسکتی ہے لیکن وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے، اسد قیصر

اگست کے احتجاج سے متعلق تیاریاں مکمل ہیں، تحریک آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن ہوگی؛ میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 اگست 2025 16:50

عمران خان کی رہائی ایک گھنٹے میں ہوسکتی ہے لیکن وہ کسی قسم کی ڈیل نہیں ..
صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائی تو صرف ایک گھنٹے میں ہوسکتی ہے لیکن وہ کسی بھی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے احتجاج سے متعلق تیاریاں مکمل ہیں، تحریک آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن ہوگی، 5 اگست وہ دن ہے جس روز بانی پی ٹی آئی کو گرفتار کیا گیا، ہم میرٹ کے مطابق عمران خان کے کیسز کے ٹرائل چاہتے ہیں، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزائیں غلط طور پر دی گئی ہیں۔

ایک سوال پر سابق سپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کے حوالے سے یہ بیان کہ اگر وہ کارکردگی نہیں دکھا سکتے تو استعفیٰ دے دیں، اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، ہم دنیا کے ساتھ تجارت چاہتے ہیں لیکن ہمارے وسائل کسی دوسرے کو نہ دیئے جائیں بلکہ افغانستان کے راستے کھولے جائیں تاکہ معیشت محفوظ ہو۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اسد قیصر نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کی تفصیلات کیا ہیں؟ پاکستان کے ساتھ کچھ تجارتی معاہدوں کے حوالے سے ٹرمپ کا ایک بیان آیا ہے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ ہماری تجارت بڑھے لیکن ہم جاننا چاہتے ہیں اس معاہدے کی تفصیلات کیا ہیں؟ آئین اس بات کا پابند کرتا ہے کہ سب سے پہلے جس صوبے کے جو وسائل ہیں ان پر وہاں کے عوام کا حق ہے، ہم جاننا چاہتے ہیں کیا اس علاقے کے عوام کا حق آئین کے مطابق تسلیم کیا گیا؟ 18ویں ترمیم کے بعد یہ وسائل پر صوبائی حکومت کا حق ہے کسی صوبائی حکومت کے معاملے میں وفاق مداخلت نہ کرے۔

اسد قیصر کا کہنا ہے کہ عمران خان بغیر کسی جرم کے جیل میں ہے کیوں کہ کچھ لوگوں کو وہ ناپسند ہے بس اسی وجہ سے جیل میں ہے، جتنے بھی اس کے خلاف کیسز ہیں وہ غیر قانونی ہیں، 26 ویں آئینی ترمیم نے آئین ختم کردیا، 26ویں آئینی ترمیم انصاف کا قتل ہے، تحریک انصاف کے خلاف عدالت کا جو بھی فیصلہ متوقع ہے وہ پہلے سے طے شدہ ہے، ججوں سے التماس ہے کہ اگر آپ انصاف نہیں دیتے تو کیا پھر ہم عالمی عدالت میں جائیں؟۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات