موسمی تبدیلیوں کی درست پیشگوئی کرنیوالا اے آئی سسٹم تیار

آئی سسٹم ’ارورہ‘ کو پوری دنیا میں ماحولیاتی واقعات کا اندازہ لگانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا

پیر 26 مئی 2025 22:30

موسمی تبدیلیوں کی درست پیشگوئی کرنیوالا اے آئی سسٹم تیار
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2025ء)معروف امریکی کمپنی مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اس کا جدید ترین اے آئی سسٹم طوفانوں کی پیشن گوئی روایتی طریقوں سے زیادہ درست اور نمایاں طور پر کر سکتا ہے۔مائیکرو سافٹ کا سیٹلائٹ، راڈار، اور گراؤنڈ اسٹیشن کے 10 لاکھ سے زیادہ گھنٹے کے ڈیٹا کی مدد سے تربیت یافتہ اے آئی سسٹم ’ارورہ‘ کو پوری دنیا میں ماحولیاتی واقعات کا اندازہ لگانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو مخصوص موسمی حالات کی درست پیشگوئی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کا کہنا ہے کہ کئی ماہرین کی پیش گوئیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ارورہ نے 4 دن پہلے فلپائن میں ٹائفون ڈوکسوری کے لینڈ فال کی پیشین گوئی کی تھی۔اس کے علاوہ، اس اے آئی ماڈل نے 23-2022ء میں آنے والے طوفانوں کی پیشگوئی کرنے میں امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا اور 2022ء میں عراق میں آنے والے ریت کے بڑے طوفان کی بھی درست پیش گوئی کی۔اگرچہ موسم کی پیشن گوئی کرنے والا اے آئی سسٹم اب کوئی نئی بات نہیں رہی کیونکہ اس سے پہلے گوگل ڈیپ مائنڈ بھی ’ویدر نیکسٹ‘ کے نام سے ایک اے آئی سسٹم تیار کر چُکا ہے لیکن مائیکروسافٹ نے ’ارورہ‘ کو عوامی سطح پر دستیاب جدید ترین ماڈلز میں شامل کیا ہے۔