شیخوپورہ ، پیپر مل میں زہریلی گیس پھیلنے کے نتیجے میں دم گھٹنے سے 4 مزدور جاں بحق

افسوسناک واقعہ فلائنگ پیپر مل خانپور میں پیش آیا فیکٹری میں پلپ والے ٹب کے اندر کام کرتے ہوئے مزدور زہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہوکر گرگئے،ہریلی گیس سے 5 مزدور بے ہوش بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو اہلکار

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 27 مئی 2025 12:40

شیخوپورہ ، پیپر مل میں زہریلی گیس پھیلنے کے نتیجے میں دم گھٹنے سے 4 مزدور ..
شیخوپورہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 مئی 2025)شیخوپورہ میں ایک نجی پیپر مل میں زہریلی گیس پھیل گئی جس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے 4 مزدور جاں بحق ہوگئے، افسوسناک واقعہ فلائنگ پیپر مل خانپور میں پیش آیا فیکٹری میں پلپ والے ٹب کے اندر کام کرتے ہوئے مزدور زہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہوکر گرگئے،ریسکیو کا بتانا ہے کہ زہریلی گیس سے 5 مزدور بے ہوش بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، مزدوروں میں سے 2 متاثرہ مزدوروں کو طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا جب کہ 2 ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق مزدوروں میں 40 سالہ عباس، 19 سالہ بلال، 30 سالہ علی حیدر ، 30 سالہ شعیب عبدالستار شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق گیس لیکج کے باعث ابتدائی طور پر 8 مزدور بے ہوش ہوئے تھے جن میں سے 3 موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک مزدور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا ، چار مزدور اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کاآغاز کردیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ میں گھرمیں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔جاں بحق ہونے والے 3بچے اور 3خواتین شامل تھے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکارموقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

بتایا گیا تھا کہ گھر میں کام کے دوران گیس سلنڈرمیں گیس لیکج سے دھماکہ ہوگیا اور آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیاتھا۔زخمیوں کو لاہور کے ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔جاں بحق ہونے والوں میں6 سالہ جویریہ، 3سالہ میرب،2 سالہ اویس،27 سالہ امبر، 26 سالہ انسا اور 50 سالہ فہمیدہ شامل تھے۔

قبل ازیں بھی سرگودھا میں گھر میں کھڑے رکشے میں ایل پی جی سلنڈر دھماکا ہوا تھا۔دھماکے میں 2 خواتین اور 1 بچے سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ سرگودھا میں درگاہ سائیں کے قریب سلیمان پورہ کے ایک گھر میں پیش آیاتھا جہاں گھر میں کھڑے رکشے میں لگے ایل پی جی سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیاتھا۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمی 5 افراد کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ دھماکے کی وجہ رکشے کے سلنڈر سے گیس لیکیج بتائی گئی تھی۔