یومِ تکبیر پر ضلع مٹیاری میں شاندار ریلی اور مرکزی تقریب منعقد

بدھ 28 مئی 2025 12:12

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) یومِ تکبیر کے موقع پر ضلع مٹیاری میں ایک پُروقار ریلی اور مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے کی۔ ریلی سول اسپتال (ٹی ایچ کیو) مٹیاری سے مدینہ مسجد تک نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے قومی جذبے سے لبریز نعرے لگاتے ہوئے شرکت کی۔ ریلی میں ایس ایس پی مٹیاری فیصل بشیر میمن، ڈی ایچ او ڈاکٹر آصف، ای ڈی سی ون نور احمد کھہرو، ایم ایس ڈاکٹر سلام، اسسٹنٹ کمشنر عبدالستار، ٹاؤن آفیسر اسرار احمد، اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر محکمہ تعلیم، صحت، جنگلات، زراعت، سوشل ویلفیئر، ہائی وے، ہیسکو، ریسکیو 1122، بار ایسوسی ایشن، پریس کلب، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ریلی کے بعد گورنمنٹ ایم ڈی ایم ہائی اسکول مٹیاری میں ایک بامقصد تقریب منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ تقریب میں بچوں نے یومِ تکبیر کی قومی و تاریخی اہمیت پر ولولہ انگیز تقاریر پیش کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی فیصل بشیر میمن نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں قومی اتحاد، خود انحصاری اور دفاعی خودمختاری کی یاد دلاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے کہا کہ یومِ تکبیر صرف ایک کامیاب جوہری تجربے کا دن نہیں، بلکہ یہ ہماری قومی خودمختاری اور قربانیوں کی علامت ہے۔ ہمیں اپنے سائنسدانوں، فوجی و سول قیادت، اور ان تمام کارکنوں پر فخر ہے جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ تقریب کا اختتام ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا سے ہوا۔ شرکاء نے عہد کیا کہ وہ وطنِ عزیز کی سالمیت اور خودمختاری کے لیے ہر محاذ پر بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :