ریجنل ڈرامہ فیسٹیول 2025 ، چوتھے روز کے ڈرامے کی شاندار پرفارمنس، فنکاروں نے حاضرین کے دل موہ لئے

بدھ 28 مئی 2025 19:14

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)پنجاب کونسل آف دی آرٹس، راولپنڈی کے زیر اہتمام جاری ریجنل ڈرامہ فیسٹیول 2025 کے چوتھے روز معروف فنکاروں نے اپنی شاندار اسٹیج پرفارمنسز سے حاضرین کے دل موہ لیے۔ یہ فیسٹیول پنجاب میں فیملی تھیٹر کے احیاء کے لیے وزیر اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب عظمی بخاری کی خصوصی ہدایت پر منعقد کیا جا رہا ہے۔

چوتھے روز پیش کیا جانے والا ڈرامہ 'جھوٹ موٹ' تقریب کا مرکزِ نگاہ رہا، جسے مشہور اداکار و مصنف اسلم مغل نے تحریر کیا۔ ڈرامے میں مرکزی کردار سپنا شاہ، اسلم مغل، یار محمد، عمران رشدی، عباس نانا اور مریم نے ادا کیے، جنہوں نے اپنی بے مثال اداکاری سے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ یہ ڈرامہ سماجی پیغام لیے ہوئے تھا۔

(جاری ہے)

اس میں ان پاکستانیوں کے کردار کو اجاگر کیا گیا جو بیرونِ ملک جا کر جھوٹ اور حرص کا سہارا لیتے ہیں اور اپنے وطن کا نام خراب کرتے ہیں۔

ڈرامہ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ وطن کی عزت اور خونی رشتے سب سے مقدم ہیں، چاہے زندگی ہمیں کہیں بھی لے جائے۔ ناظرین نے ڈرامے کے پیغام اور اداکاروں کی کارکردگی کو بے حد سراہا۔اسٹیج پر فیملی انٹرٹینمنٹ کے اعلیٰ معیار کو دیکھ کر شائقین نے تھیٹر کی واپسی کو خوش آئند اقدام قرار دیا۔فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد مقامی فنکاروں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا اور لوگوں کے لییتفریح کو فروغ دینا ہے۔ پنجاب کونسل آف دی آرٹس، راولپنڈی کی یہ کوشش پنجاب کی ثقافتی ترقی میں ایک اہم قدم ہے۔