کارلوس الکاراز،لورینزو موسیٹی،ہولگررونے اورکیرن خچانوف فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے

ناروے کے ٹینس سٹار کیسپر رڈ دوسرے رائونڈ میں اپ سیٹ شکست‘ یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس بھی مردوں کے سنگلز مقابلوں سے باہر

جمعرات 29 مئی 2025 15:07

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز،اٹلی کے ٹینس کھلاڑی لورینزو موسیٹی،ڈنمارک کے ٹینس سٹار ہولگررونے اور روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے اے ٹی پی فرنچ اوپن ٹینس میں مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ ناروے کے ٹینس سٹار کیسپر رڈ دوسرے رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد اور یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس بھی ہار کر مردوں کے سنگلز مقابلوں سے باہر ہوگئے۔

سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں جاری ہیں، جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہنگری کے حریف ٹینس کھلاڑی فیبیان ماروزان کو 1-6، 6-4، 1-6 اور 2-6سے شکست دی، جہاں فاتح کھلاڑی کا تیسرے رائونڈ میں مقابلہ بوسنیا ہرزیگوونیاکے حریف کھلاڑی دمیر جمہور سے ہوگا۔

مینز سنگلز دوسرے رائونڈ کے ایک اور میچ میں اٹلی کے ٹینس کھلاڑی لورینزو موسیٹی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کولمبیا کے حریف کھلاڑی دانیال الٰہی گالان ریوروس کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6، 0-6 اور 4-6 سیشکست دے کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا،جہاں اٹلی کے فاتح کھلاڑی کا مقابلہ ارجنٹائن کے حریف ٹینس کھلاڑی ماریانو نیوون سے ہوگا۔

ڈنمارک کے ٹینس سٹار ہولگررونے نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کرلی،انہوں نے مینز سنگلز دوسرے رائونڈ کے میچ میں امریکی حریف کھلاڑی ایمیلیو ناوا کو 3-6، 6-7(5-7)اور 3-6 سے مات دی۔دوسرے رائونڈ کے ایک اور میچ میں روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف نے آسٹریاکے حریف کھلاڑی سیباسٹین آفنر کو سخت مقابلے کے بعد 5-7، 6-3، 5-7، 6-4 اور 2-6 سے ہرا کر تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ناروے کے ٹینس سٹار کیسپر رڈ کو دوسرے رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرناپڑا،ان کو پرتگال کے کھلاڑی نونو بورجیس نے شکست دی اور یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس بھی دوسرے رائونڈ میں ہار کر مردوں کیسنگلز مقابلوں سے باہر ہوگئے، ان کو اٹلی کے حریف کھلاڑی میٹیو گیگانٹے نے مات دی۔