لاڑکانہ،عوام کے مسائل کو بلا تاخیر حل کیا جائے،ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب سندھ

جمعہ 30 مئی 2025 15:38

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب سندھ علی اکبر جاگیرانی نے ہدایت کی ہے کہ عوام کے مسائل کو بلا تاخیر حل کیا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس لاڑکانہ میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کی زیر التواء تنخواہوں، پنشن اور دیگر مراعات پر کھلی کچہری میں بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس لاڑکانہ کی 29 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ان کے مسائل کو بلا تاخیر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنشن کے سلسلے میں نام کی درستگی اور دیگر مطلوبہ دستاویزات مکمل کیے جائیں اور لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ عملے سے رابطہ کریں اور ایس او پی کے تحت مطلوبہ دستاویزات مکمل کریں تاکہ مسائل کے حل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر اور دیگر سٹاف کو ہدایت کی کہ جب لوگ ان کے مسائل کے حوالے سے ان کے پاس آئیں تو ان کے ساتھ اچھا رویہ اپنائیں۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر لاڑکانہ عبدالفتاح سومرو نے کہا کہ ہم عوام کے مسائل بلا تاخیر حل کرتے ہیں، اس کے لیے ضروری ہے کہ قانونی تقاضے پورے کیے جائیں تاکہ مسائل کے حل میں کوئی تاخیر نہ ہو۔

اس موقع پر مختلف اداروں سے متعلقہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین نے اپنے مسائل پیش کیے جنہیں غور سے سنا گیا اور قانونی تقاضے پورے کرنے والی درخواستوں کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے اور بقیہ درخواستیں متعلقہ اداروں کو بھجوا دی گئیں۔ اس موقع پر آڈٹ افسران، اکاؤنٹنٹ اور دیگر متعلقہ ملازمین بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :