الیکشن کمیشن نے سیالکوٹ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کیلئے تنبیہ جاری

جمعہ 30 مئی 2025 22:09

الیکشن کمیشن نے سیالکوٹ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء ) الیکشن کمیشن نے سیالکوٹ کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو متنبہ کیا ہے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 52 میں کل ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی سیکشن 182 کے مطابق 30 جون کی شب 12 بجے کے بعد کوئی بھی شخص کسی بھی جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی سیاسی سرگرمی کا نہ تو انعقاد کرے گا اور نہ ہی اس میں شرکت کرے گا۔

کوئی بھی شخص جو قانون کی مذکورہ بالا شق کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی مذکورہ بالا وقت کے بعد سیاسی مہم ، اشتہارات و دیگر تحریری مواد جس سے کسی خاص سیاسی جماعت یا امید وار کی حمایت یا مخالفت کا شبہ ہو، کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر پابندی ہے۔ میڈیا پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹہ گذرنے کے بعد انتخابی نتائج نشر کر سکتا ہے جس میں واضح طور پر بتایا جائے گا کہ یہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج ہیں۔۔۔۔اعجاز خان