’یقینی بنائیں کہ دروازہ بند ہی رہے‘ فرانسیسی صدر کو اہلیہ سے تھپڑ پڑنے کے سوال پر ٹرمپ کا دلچسپ جواب

اوول آفس میں میڈیا بریفنگ کے دوران ایک صحافی کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے امریکی صدر سے سوال کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 مئی 2025 13:49

’یقینی بنائیں کہ دروازہ بند ہی رہے‘ فرانسیسی صدر کو اہلیہ سے تھپڑ ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی 2025ء ) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے غیرملکی دورے کے دوران پیش آنے والے واقعے پر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دلچسپ  ردعمل سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق اوول آفس میں ایک صحافی نے اس واقعے کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا کہ ’وہ صدر میکرون اور ان کی اہلیہ کو شادی سے متعلق کیا مشورہ دینا چاہیں گے؟‘ اس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے ہنستے ہوئے کہا کہ  ’یقینی بنائیں کہ دروازہ بند ہی رہے‘، اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’فرانسیسی صدر اور ان کی اہلیہ بالکل ٹھیک ہیں اور دونوں واقعی بہت اچھے لوگ ہیں‘۔

یاد رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو مبینہ طور پر ان کی اہلیہ کے تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے، یہ واقعہ ہنوئی کے ہوائی اڈے پر اس وقت پیش آیا جب ایمانوئل میکرون اپنی اہلیہ کے ساتھ جنوب مشرقی ایشیا کا دورہ شروع کرنے کے لیے ویتنام پہنچے، طیارے کی لینڈنگ کے بعد ویڈیو فوٹیج میں میکرون کے ہوائی جہاز کا دروازہ کھلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد سامنے فرانسیسی صدر کھڑے دکھائی دیئے۔

(جاری ہے)

 
اسی دوران میکرون کی اہلیہ کے بازو دروازے کے بائیں طرف سے اوپر اٹھتے ہیں جس کے بعد وہ دونوں ہاتھ اپنے شوہر کے چہرے پر رکھتے ہوئے انہیں دھکیل دیتی ہیں، اس پر فرانسیسی صدر چونکتے ہوئے دکھائی دیئے تاہم جلدی سے انہوں نے خود کو سنبھالا وہ فوری ٹھیک ہو جاتے ہیں اور جہاز کے کھلے ہوئے دروازے کی طرف مڑتے ہیں، تاہم ان کی اہلیہ ہوائی جہاز کے اندر ہی رہتی ہیں جس سے ان کے چہرے کے تاثرات یا باڈی لینگویج نہیں دیکھی جاسکی، واقعے کے کچھ دیر بعد جوڑا طیارے کی سیڑھیوں سے نیچے اترتا ہے لیکن اس دوران بھی بریجٹ میکرون نے اپنے شوہر کے پیش کردہ بازو کو نہیں تھاما، ابتدائی طور پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے دفتر نے اس واقعے کو مسترد کیا اور بعد ازاں اسے مذاق میں کی گئی ایک حرکت قرار دیا۔