نو مئی فیصل آباد مقدمات؛ عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل و دیگر کو 10 سال قید کی سزا

فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے آئی ایس آئی آفس حملہ کیس میں 185 میں سے 108 ملزمان کو سزا سنائی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 جولائی 2025 14:38

نو مئی فیصل آباد مقدمات؛ عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل و دیگر کو 10 سال ..
فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جولائی 2025ء ) فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے مقدمات میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سزا سنادی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے آئی ایس آئی آفس حملہ کیس میں مجموعی طور پر 185 میں سے 108 ملزمان کو سزا سنائی ہے، جس کے تحت اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز اور پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کو نو مئی کے مقدمہ میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی، رکن قومی اسمبلی ایم این اے صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عدالت نے ایم پی اے جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد نے اسد عمر فرخ حبیب ، صاحبزادہ حامد رضا کو بھی سزائیں سنا دیں، چیچہ وطنی سے ایم این اے رائے حسن نواز اور ایم پی اے رائے مرتضی اقبال کو بھی سزائیں سنائی گئیں جب کہ فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو ان مقدمات سے بری کردیا گیا اورعدالت نے قرار دیا کہ تینوں رہنماؤں کے خلاف شواہد ناکافی تھے جس کی وجہ سے انہیں شک کا فائدہ دیا گیا۔

(جاری ہے)

چند روز قبل نو مئی کے مقدمہ میں سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی، موسیٰ خیل میانوالی پولیس سٹیشن کے نو مئی کے کیس میں انسداد دہشت گردی سرگودھا نے اپنے فیصلے میں پی ٹی آئی سے متعلقہ 32 ملزمان کو بھی دس دس سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اس سے پہلے اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت بھی نو مئی کے واقعات سے متعلق ایک مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عبدالطیف، سابق رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 افراد کو 10 سال قید کی سزائیں سنا چکی ہے، اس کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے یہ سزائیں تھانہ رمنا پر حملے کے مقدمے میں سنائیں جو 10 مئی 2023 کو درج کیا گیا تھا۔